Search
Close this search box.
هفته ,13 جون ,2026ء

پاسپورٹ بنوانے کے خواہشمند افراد ہوشیار ہوجائیں!

گجرات میں پاسپورٹ(passport) بنوانے کے خواہشمند شہریوں کے لیے اہم وارننگ سامنے آئی ہے، جہاں جعلسازوں کے ایک منظم نیٹ ورک کا انکشاف ہوا ہے جو لوگوں کو بیرونِ ملک بھیجنے کے نام پر بھاری رقوم بٹور رہا تھا۔

وفاقی تحقیقاتی ادارہ کے گوجرانوالہ زون نے ایک کارروائی کے دوران گجرات کے علاقے تیمور چوک میں چھاپہ مار کر ایک اہم ملزم کو گرفتار کر لیا۔ حکام کے مطابق ملزم نصیر احمد کو محلہ ضیاء الاسلام سے حراست میں لیا گیا، جہاں وہ مبینہ طور پر جعلی سفری دستاویزات تیار کرنے کے غیر قانونی دھندے میں ملوث تھا۔

چھاپے کے دوران ملزم کے قبضے سے مختلف ممالک کے جعلی پاسپورٹس اور ویزا اسٹیکرز برآمد کیے گئے۔ ان میں برطانیہ، کینیڈا، اسپین اور بیلجیئم کے پاسپورٹس جبکہ امریکا، جاپان، ترکی اور میکسیکو کے جعلی ویزا اسٹیکرز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پاسپورٹ تیار کرنے کے لیے استعمال ہونے والی مشینری اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا، جس میں لیمینیشن مشین، کٹر، ڈرل مشین، کینیگرام اسٹیکرز، پاسپورٹ میٹریل، جعلی شناختی کارڈز اور تعلیمی اسناد شامل ہیں۔

 

ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ملزم گزشتہ 7 سے 8 سال سے اس غیر قانونی سرگرمی میں ملوث تھا اور سادہ لوح شہریوں کو بیرونِ ملک ملازمت دلوانے کا جھانسہ دے کر بڑی رقوم وصول کرتا رہا۔ حکام کے مطابق اس نیٹ ورک کا دائرہ کار وسیع ہو سکتا ہے اور اس میں مزید افراد کے ملوث ہونے کا خدشہ ہے۔

ایف آئی اے نے یہ بھی عندیہ دیا ہے کہ اس غیر قانونی نیٹ ورک میں بعض سرکاری اہلکاروں کے شامل ہونے کے شواہد ملے ہیں، جس کے بعد تحقیقات کا دائرہ مزید بڑھا دیا گیا ہے۔ متعلقہ ادارے اس بات کی کوشش کر رہے ہیں کہ اس دھندے میں شامل تمام سہولت کاروں کو بے نقاب کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید چھاپوں اور گرفتاریوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں