Search
Close this search box.
هفته ,13 جون ,2026ء

175 فیصد اضافہ ! ڈومیسائل بنوانے والوں کے لیے بڑی خبر

پنجاب میں ڈومیسائل (domicile)سرٹیفکیٹ کے اجرا کے نظام میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے فیس میں اضافہ اور مکمل ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پنجاب کابینہ کی منظوری کے بعد ڈومیسائل کی مجموعی فیس 200 روپے سے بڑھا کر 550 روپے کر دی گئی ہے، جس سے فیس میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق اس نئے ڈھانچے کے ساتھ سروس کو جدید اور شفاف بنانے کے لیے پورا عمل ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

نئے نظام کے تحت فیس کی تقسیم کچھ اس طرح ہوگی: بنیادی فیس 200 روپے، بیانِ حلفی کے 300 روپے جبکہ سروس چارجز 50 روپے ہوں گے۔ مجموعی رقم میں سے 500 روپے سرکاری خزانے میں جائیں گے، جبکہ 50 روپے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو سسٹم کی دیکھ بھال اور خدمات کے لیے دیے جائیں گے۔

ڈیجیٹلائزیشن کے بعد شہری اب گھر بیٹھے آن لائن درخواست جمع کرا سکیں گے اور ادائیگی بھی “ای پے پنجاب” کے ذریعے ڈیجیٹل طریقے سے ممکن ہوگی۔ مزید یہ کہ ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کی ترسیل کورئیر سروس کے ذریعے براہِ راست درخواست دہندہ کے گھر تک پہنچائی جائے گی۔

نئے آٹومیٹڈ سسٹم کی وجہ سے ڈومیسائل کی تیاری کا وقت بھی کم ہو کر تقریباً 2 سے 3 دن رہ گیا ہے، جو پہلے کافی زیادہ ہوتا تھا۔ تاہم ڈیجیٹل نظام کے لیے کچھ اضافی اخراجات بھی شامل کیے گئے ہیں جن میں کورئیر فیس، سیکیورٹی پیپر اور ڈیٹا سروسز کے چارجز شامل ہیں۔

محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مطابق ایک درخواست کی اوسط پروسیسنگ لاگت محدود ہے، تاہم سسٹم کی دیکھ بھال، اپگریڈیشن اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر پر مسلسل اخراجات آتے رہتے ہیں۔

حکومت کا مؤقف ہے کہ اس اقدام کا مقصد ڈومیسائل کے اجرا کے عمل کو تیز، شفاف اور آسان بنانا ہے، تاکہ شہریوں کو دفاتر کے چکر، تاخیر اور ممکنہ بدعنوانی جیسے مسائل سے نجات مل سکے اور ایجنٹ مافیا کے کردار کو بھی ختم کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں