آزاد کشمیر کی سیاست میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے جہاں چوہدری محمد رشید نے پاکستان پیپلز پارٹی(PPP) چھوڑ کر باضابطہ طور پر پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر لی۔
اس حوالے سے چوہدری محمد رشید کی امیر مقام سے اہم ملاقات ہوئی، جس کے دوران وفاقی وزیر امور کشمیر نے انہیں مسلم لیگ (ن) کا مفلر پہنا کر پارٹی میں خوش آمدید کہا۔
اس موقع پر راجہ محمد فاروق حیدر اور سردار محمد یوسف بھی موجود تھے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے چوہدری محمد رشید کا پرتپاک استقبال کیا۔
ذرائع کے مطابق فیصل ممتاز راٹھور نے گزشتہ روز چوہدری محمد رشید کو وزارت سے برطرف کر دیا تھا۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ان کی رانا ثناء اللہ سے ملاقات کے بعد سیاسی صورتحال میں تبدیلی آئی اور بعد ازاں انہوں نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
سیاسی مبصرین کے مطابق آزاد کشمیر انتخابات سے قبل اس سیاسی تبدیلی کو اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں اپنی سیاسی پوزیشن مزید مضبوط بنانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔




