پیرس اولمپکس میں مینز جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں ارشد ندیم نے92.97 میٹر کی تھرو کرکے نیا اولمپک ریکارڈ بناتے ہوئے پاکستان کو گولڈ میڈل جتوادیا۔پیرس اولمپکس میں مینز جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں پوری قوم کی نظریں ارشد ندیم پر تھیں جو پاکستان کو 32 سال بعد اولمپکس میں کوئی میڈل دلانے کی واحد امید تھے۔
ارشد ندیم کی اس کامیابی پر صدر وزیر اعظم ، پاک افواج اور دیگر اہم سیاسی رہنماؤں کے مبارکباد کے پیغامات کی بھرمار ہو گئی۔
صدر آصف زرداری
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم کی جیت پوری قوم کی جیت ہے۔آصف زرداری نے مزید کہا کہ اولمپکس کی تاریخ میں ریکارڈ قائم کرنا اور سب سے طویل جیولن تھرو کرنا بہت بڑا کارنامہ ہے، آپ نے گولڈ میڈل جیت کر ہمارا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔صدرمملکت کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے اولمپکس جیسے بڑے مقابلے میں پاکستان کا نام روشن کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف
وزیر اعظم شہاز شریف نے جیولن تھرور ارشد ندیم کو منفرد ریکارڈ بنانے پر مبارکباد دی، انہوں نے کہا کہ کہا کہ اولمپک کی 118سالہ تاریخ میں منفرد ریکارڈ قائم کرنے پر ارشد ندیم آپ ڈھیروں مبارکباد کے مستحق ہیں، شاباش ارشد ندیم آپ نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ عالمی سطح پر ملک و قوم کا نام بلند کرنے والے ارشد ندیم پر والدین ہی نہیں پوری قوم کو ناز ہے، اولمپکس میں تاریخ رقم کرکے آپ نے ثابت کیا ہے کہ ارادے مضبوط ہوں تو ناممکن ممکن بن جاتا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق
جیولن تھرور ارشد ندیم کے گولڈ میڈل حاصل کرنے پر اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے مبارکباد کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم نے اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کر کے گولڈ میڈل جیتا ہے۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے اولمپک گولڈ میڈل حاصل کرنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایتھلیٹ نے پاکستان کا نام روش کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اولمپک گولڈ میڈل حاصل کرنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد دی، انہوں نے کہا ارشد ندیم نے اولمپکس میں 92.97 میٹر کا ریکارڈ بنا کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے نے ارشد ندیم کے لیے اپنے مبارکباد کے پیغام میں کہا کہ ارشد ندیم کی تاریخی ساز کامیابی پر پورے ملک کو ان پر فخر ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی جیولن تھرور ارشد ندیم کو پیرس اولمپکس میں ریکارڈ قائم کرنے ملک کے لیے گولڈ میڈل حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ کہا کہ ریکارڈ کے ساتھ اولمپک گولڈ میڈل جیتنا آپ کی سخت محنت لگن اور کمٹمنٹ کا نتیجہ ہے۔
وفاق وزیر احسن اقبال
وفاقی وزیر احسن اقبال نے بھی پیرس اولمپکس میں تاریخ ساز کامیابی حاصل کرنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ارشد ندیم کی محنت اور عزم نے دنیا بھر میں پاکستان کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔صوبائی وزیر کھیل سندھ اور سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر محمد بخش مھر نے اولمپک کی 118 سالہ تاریخ بدلنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ شاباش ارشد ندیم آپ نے پاکستان کو قابل فخر بنایا۔
میئر کراچی
میئر کراچی مرتضٰی وہاب نے ارشد ندیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ گولڈ میڈل پوری قوم کے لیے ایک اعزاز ہے جس پر ہم آپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اولمپکس کھیلوں میں ارشد ندیم کا ریکارڈ بنانا بھی پاکستان کے لیے باعث فخر ہے۔مرتضٰی وہاب نے بحیثیت ترجمان سندھ حکومت ارشد ندیم کے لیے 5 کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا اور کہا کہ پاکستان واپس آنے پر کراچی کے شہریوں کی جانب سے ارشد ندیم کے اعزاز تقریب منعقد کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پیرس اولمپک میں گولڈ میڈل جیتنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھارت کو شکست دے کر پاکستان کا نام بلند کیا جس پر ہمیں فخر ہے۔گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے پیرس اولمپک میں تاریخ ساز کامیابی حاصل کرنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ آج 40 سال بعد اولمپک میں گولڈ میڈل حاصل کرنے کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا۔
مسلح افواج کی گولڈ میڈل حاصل کرنے پر ارشد ندیم کو مبارک باد
دوسری جانب پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہان نے پیرس اولمپکس میں تاریخ رقم کرنے اور گولڈ میڈل حاصل کرنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد دی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مسلح افواج کے سربراہان اور چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی نے اپنے پیغامات میں شاندار کامیابی پر ارشد ندیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔


