Search
Close this search box.
پیر ,29 جون ,2026ء

علی امین گنڈاپور کی عمران خان سےجیل میں ملاقات

پشاور(ویب ڈیسک )خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور اپنے سرکاری پروٹوکول کے بغیر بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے ملاقات کیلئے اڈیالہ جیل پہنچ گئے۔جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور پروٹوکول کے بنا اڈیالہ جیل پہنچے۔جیل ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کانفرنس روم میں ہوئی، علی امین گنڈاپور ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل سے روانہ ہو گئے۔خیال رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے آج ہی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کرنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔اسپیشل اٹارنی ہدایت اللہ کے ذریعے دائر کی گئی درخواست دائر میں وزارت داخلہ، کمشنر، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ عمران خان سے جیل میں ملاقات درخواست گزار کا بنیادی حق ہے، عمران خان سے سیاسی اور قانونی امور پر مشاورت کے لیے ملاقات کی اجازت دی جائے اور مشاورتی ملاقات میں رازداری کو یقینی بنانے کا حکم دیا جائے۔

دوسری جانب سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اڈیالہ جیل کے اطراف سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ جیل کے باہر خاردار تاریں لگا دی گئیں ہیں، جبکہ اضافی نفری بھی تعینات ہے۔

یہ بھی پڑھیں