سوات: کالام میں سیاحوں کو ہراساں کرنے اور مقامی ٹرانسپورٹ(Transport) استعمال کرنے پر مجبور کرنے کے معاملے پر انتظامیہ متحرک ہو گئی، پولیس نے 29 مقامی ٹرانسپورٹرز کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ اُس وقت پیش آیا جب چند مقامی ٹرانسپورٹرز نے سیاحوں کو اپنی نجی کوسٹر کے ذریعے سیاحتی مقام مہوڈنڈ جانے سے روکنے کی کوشش کی۔ اطلاعات کے مطابق ٹرانسپورٹرز سیاحوں پر دباؤ ڈال رہے تھے کہ وہ صرف مقامی ٹرانسپورٹ استعمال کریں۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے فوری نوٹس لیا، جس کے بعد کالام پولیس نے ایس ایچ او کالام کی مدعیت میں 29 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
اسلامی تحریک پاکستان کا گلگت بلتستان انتخابات کیلئے ٹکٹوں کا اعلان
ایف آئی آر میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 506، 347، 147 اور 149 شامل کی گئی ہیں، جن کا تعلق دھمکانے، غیر قانونی روکنے اور ہنگامہ آرائی سے ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں نامزد تمام ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور جلد انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ سیاحوں کو ہراساں کرنے یا زبردستی مخصوص ٹرانسپورٹ استعمال کرانے کی اجازت کسی صورت نہیں دی جائے گی۔ حکام کے مطابق کالام اور دیگر سیاحتی مقامات پر آنے والے سیاحوں کو محفوظ اور خوشگوار ماحول فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔

