اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے نااہلی کے خلاف احتجاج کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان، سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور دیگر ملزمان کو بری کردیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ یاسر محمود نے تھانہ آبپارہ میں درج مقدمات میں عمران خان، شاہ محمود قریشی، شیخ رشید، شہریار آفریدی، فیصل جاوید، راجہ خرم نواز، علی نواز اعوان اسد قیصر کو بری کردیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ یاسر محمود نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا، عمران خان، شیخ رشید اور دیگر کی جانب سے سردار بسی ایڈووکیٹ اور انصار کیانی نے دلائل پیش کئے۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف احتجاج کرنے پر عمران خان، شاہ محمود قریشی، شیخ رشید اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ توشہ خانہ ریفرنس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے عمران خان کی نااہلی کے خلاف ملک کے مختلف حصوں میں پی ٹی آئی کے کارکنان سڑکوں پر نکل آئے اور کئی مقامات پر ٹائر جلا کر سڑکیں بلاک کردیں۔تاہم حالات اس وقت کشیدہ ہو گئے جب فیض آباد میں پنجاب اور وفاقی سرحد پر پولیس اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں اور آنسو گیس کے گھنے بادل انٹرچینج کو لپیٹ میں لے گئے۔
جسٹس بابرستار کیخلاف مہم، 10 اکاؤنٹس کی شناخت ہوگئی ، ایف آئی اے کی رپورٹ جمع


