Search
Close this search box.
جمعه ,26 جون ,2026ء

بھارت کا گنڈا پور کے بیان کو فیٹف میں استعمال کرنا پی ٹی آئی کے لیے شرمناک ہے،عظمی بخاری

لاہور( نیوز ڈیسک )وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ بھارت کا گنڈاپور کے بیان کو فیٹف میں استعمال کرنا پوری پی ٹی آئی کیلئے شرمناک ہے، تحریک انصاف کے لوگوں نے پاکستان کو دیوالیہ کرانے کیلئے ہر حربہ استعمال کیا۔

جمعہ کو جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کے غیر ذمہ دارانہ بیان کو بھارت کی جانب سے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) میں پاکستان کے خلاف بطور ہتھیار استعمال کرنا نہ صرف قابل مذمت ہے بلکہ تحریک انصاف کیلئے ایک شرمناک لمحہ ہے،یہ عمل نہ صرف علی امین گنڈاپور کیلئے باعثِ ندامت ہے بلکہ پوری پی ٹی آئی کی سیاسی ناپختگی کا ثبوت بھی ہے،ان لوگوں کا سب سے بڑا مسئلہ یہی ہے کہ یہ منہ کھولنے سے پہلے سوچنے کی زحمت ہی نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمدشہباز شریف نے دن رات محنت اور موثر سفارتکاری سے پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلوایا،جس کے نتیجے میں پاکستان کی مغربی منڈیوں تک رسائی ممکن ہوئی اور یورپی یونین کے ساتھ نئے مواقع پیدا ہوئے۔عظمی بخاری نے کہا کہ تحریک انصاف کی قیادت نے پاکستان کو اقتصادی بدحالی کی طرف دھکیلنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی.

انہوں نے نہ صرف آئی ایم ایف کے خلاف احتجاج کئے بلکہ ہیڈ کوارٹرز کے باہر مظاہرے اور خط و کتابت کے ذریعے پاکستان کو بدنام کرنے کی کوششیں کیں۔انہوں نے کہا کہ اس جماعت سے قومی مفاد کی توقع رکھنا فضول ہے،پی ٹی آئی کی تاریخ ریاستی اداروں کی تضحیک، قومی سلامتی کے معاملات میں غیر سنجیدگی اور عالمی سطح پر پاکستان کی پوزیشن کمزور کرنے کی سازشوں سے بھری پڑی ہے۔

وزیر اطلاعات نے بھارت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جنگی شکست کے بعد بھارت عالمی تنہائی کا شکار ہو چکا ہے اور مودی حکومت اب جھوٹے پراپیگنڈے کے ذریعے پاکستان کے خلاف محاذ کھولنے کی ناکام کوششیں کر رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے خلاف بھارت کا فیٹف جیسے فورمز پر بیانیہ گنڈاپور جیسے افراد کی غیر سنجیدگی سے تقویت پاتا ہے جو قومی سلامتی سے کھلواڑ کے مترادف ہے۔
مزید پڑھٰیں:ریحام خان اور بشریٰ بی بی سے شادی کرنے والا کبھی لیڈر نہیں ہو سکتا، شبر زیدی

یہ بھی پڑھیں