کراچی(ویب ڈیسک) ٹی وی شو ہوسٹ ندا یاسر کو اداکارہ مومنہ اقبال سے انکے والد کے انتقال سے متعلق پوچھے گئے نامناسب سوال پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑگیا۔
سالوں سے نجی ٹیلی ویژن پر مارننگ شو کی میزبانی کرنے والی ندا یاسر اپنے انوکھے اور بنا سر پیر کے سوالات کے سبب آئے دن ناظرین کی توجہ حاصل کرتی رہتی ہیں اور اب انکا تمسخر اڑنا کوئی نئی بات نہیں۔
فارمولا ون ریس سے متعلق پوچھا گیا ان کا احمقانہ سوال ہو یا پھر حساس موضوعات پر مہمانوں کو بُلا کر ریٹنگ کیلئے ان سے غیر مناسب سوالات پوچھنا ہو ندا یاسر اب کسی نہ کسی تنازع کا شکار ہوتی رہتی ہیں اور عوام کی تنقید کے نشانہ بنتی رہتی ہیں۔
حال ہی میں ندا یاسر نے ڈراما ‘تیرے جانے کے بعد’ کی کاسٹ کو اپنے شو پر مدعو کیا جس کی وجہ سے مومنہ اقبال، عمر شہزاد، دانیال ظفر، انعم تنویر اور سیدہ طوبیٰ انور شو کے مہمان بنے۔
جہاں اس شو میں ندا یاسر بطور ہوسٹ مختلف سوالات کرتی دکھیں وہیں انہوں نے ایک ایسا سوال بھی کرلیا جس کو سنتے ہی ناظرین دنگ رہ گئے۔
ندا یاسر نے کہا کہ ‘زندگی میں کس شخص کے جانے کا غم آج تک ختم نہیں ہوا؟’ یہ سوال مومنہ سے پوچھتے ہوئے ندا یاسر نے کہا کہ ‘مجھے تو سمجھ بھی نہیں آرہا کہ یہ سوال تم سے کروں کہ نہ کروں کیونکہ ابھی انکے والد کا انتقال ہوا ہے جسکی وجہ سے یہ ایک مشکل دور سے گزر رہی ہیں اور زخم ابھی ہرا ہے’۔
ندا یاسر کی بات کو کاٹتے ہوئے انعم تنویر نے مشورہ دیا کہ ‘آپ اس سوال کو چھوڑ کر اگلا سوال پوچھ لیں’۔
والد کی جدائی کے غم سے نڈھال مومنہ اقبال یہ سوال سنتے ہی رو آنسو ہوگئیں اور ان کی آنکھیں جھلک پڑیں جس کو دیکھ کر ندا یاسر نے مومنہ اقبال کی تعریف کرنی شروع کردی۔
انہوں نے کہا کہ ‘یہ بہت مضبوط لڑکی ہے، اس کا دل بہت صاف ہے اور جب کسی کا دل صاف ہوتا ہے تو اسکا چہرہ بھی اسی طرح معصوم ہوتا ہے، میں مومنہ کے سامنے اور پیچھے اس کی بہت تعریف کرتی ہوں، اس کی ہر شخص سے دوستی ہے’۔
اگرچہ ندا یاسر نے غیرمناسب سوال کرنے کے بعد مومنہ اقبال کی تعریف کر کے معاملے کو سنبھالنے کی کوشش کی لیکن شو کے ناظرین کو ندا یاسر کی بے رحمی ایک آنکھ پسند نہیں آئی۔
ایک صارف نے لکھا کہ ‘کس قدر بے رحم خاتون ہیں آپ، ایک لڑکی جس نے حال ہی میں اپنے والد کو کھویا ہے اس سے اس قسم کا سوال کرنے کی کیا ضرورت تھی؟’
ایک اور صارف نے لکھا کہ ‘ندا یاسر ٹی آر پی کیلئے بالکل دیوانی ہوگئی ہیں، لوگوں کے جذبات کو تماشا بناکر خوش ہوتی ہیں’۔
واضح رہے کہ مومنہ اقبال کے والد کا انتقال رواں سال جون میں ہوا جس کی خبر انہوں نے انسٹاگرام کے ذریعے اپنے مداحوں کو دی تھی۔
مزیدپڑھیں :خلیل الرحمان قمر کا ہنی ٹریپ کیس قانونی لڑنے والے وکیل کو بھی ڈاکوؤں نے لوٹ لیا

