ممبئی: سلمان خان کی صحت ایک بار پھر سوشل میڈیا پر گفتگو کا موضوع بن گئی ہے۔ بالی وڈ کے معروف اداکار کی ایک حالیہ تقریب میں شرکت کی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آنے کے بعد مداح ان کی صحت کے بارے میں تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان نے ممبئی میں سلم ری ہیبیلی ٹیشن اتھارٹی (SRA) کے زیر اہتمام منعقدہ ایک سرکاری تقریب میں شرکت کی، جہاں انہوں نے ادارے کے نئے ڈیٹا کلیکشن اینڈ ویریفکیشن سپورٹ سینٹر (آئی ٹی سرور روم) کا افتتاح کیا۔
تقریب کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد کئی صارفین نے تبصرہ کیا کہ 60 سالہ اداکار پہلے کے مقابلے میں کمزور دکھائی دے رہے ہیں۔ اسی وجہ سے ان کی جسمانی حالت سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں بھی کی جا رہی ہیں۔
تاہم سلمان خان یا ان کی ٹیم کی جانب سے ان کی صحت کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، جس کی وجہ سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی آراء کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔
مداحوں کی بڑی تعداد نے سوشل میڈیا پر اداکار کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد مکمل صحت یابی کی دعا کی، جبکہ بعض صارفین نے کہا کہ صرف تصاویر یا مختصر ویڈیوز کی بنیاد پر کسی کی صحت کے بارے میں حتمی رائے قائم نہیں کی جا سکتی۔
یاد رہے کہ سلمان خان بالی وڈ کے مقبول ترین اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں اور ان کی ہر عوامی تقریب اور نئی ویڈیو مداحوں کی خصوصی توجہ کا مرکز بن جاتی ہے۔




