لاہور(نیوز ڈیسک)عید الاضحیٰ میں چند روز باقی ہیں اور قربانی کے جانوروں کی بڑھتی قیمتوں نے لوگوں کے ہوش ٹھکانے لگادیے ہیں۔ کراچی اور لاہور کی منڈیوں میں ایک سروے کے مطابق جانوروں کی قیمتوں میں 70 فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے ہر شخص مہنگائی کا رونا رو رہا ہے ۔ اداکار ،سیاستدان ، سلیبرٹی ہر شخص اپنے اپنے انداز میں مہنگے جانوروں پر بات کررہا ہے ایسے میں نعمان اعجاز کی ایک پوسٹ پر صارفین نے ان کو آڑے ہاتھوں لے لیا .
اداکار نعمان اعجاز نے بھی قربانی کے جانور کی بڑھتی قیمتوں پر تشویش کا اظہارکیا تاہم جانور کا پوسٹ میں آئی فون سے موازنہ سینئر اداکار کو بھاری پڑگیا۔
انسٹاگرام پر شیئر اسٹوری میں نعمان اعجاز نے لکھا کہ ’سب سمجھتے ہیں کہ آئی فون مہنگا ہے لیکن جب آپ قربانی کا جانور لینے تو جائیں، پتا لگتا ہے کہ بیوپاری جائیداد کے کاغذات مانگ رہے ہیں‘۔

نعمان اعجاز کی سوشل میڈیا اسٹوری صارفین کو کسی طور نہ بھائی۔ایک صارف نے نعمان اعجاز کی اسٹوری پر طنز کرتے ہوئے لکھا کہ ’ اوقات کے مطابق جانور ڈھونڈو گے تو ایسا ہی ہوگا‘۔
نایاب نامی صارف نے لکھا کہ اگر آپ استطاعت نہیں رکھتے تو قربانی نہ کریں۔
ایک صارف نے کہا کہ لوگوں کو مہنگی ترین اشیاء خریدنے میں کوئی مسئلہ نہیں لیکن قربانی کا جانور مہنگا لینے میں بہت مسئلہ ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی بلال قریشی نے قربانی کے جانوروں کی بڑھتی قیمتوں پر طنز کیا تھا اور لکھا تھا کہ ’پتا نہیں ہمیں کب عقل آئے گی، اگر قربانی کا جانور دکھاوے کیلئے لیا جائے تو قیمتیں ایسے ہی بڑھیں گی‘ ۔
مزیدپڑھیں:عید الاضحیٰ پر لوڈشیڈنگ ہوگی یانہیں ،بڑا اعلان کردیاگیا
