نئی دہلی(نیوز ڈیسک)بھارتی اداکارہ ایوا گروور نے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کے سوتیلے بھائی حیدر علی خان سے شادی کا دردناک تجربہ مداحوں سے شیئر کردیا۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے حالیہ انٹرویو کے دوران ایوا گرورو نے انکشاف کیا کہ حیدر اور ان کی ازدواجی زندگی کا سفر محبت کی ایک خوبصورت کہانی کے طور پر شروع ہوا لیکن جلد ہی یہ سفر دردناک تجربے میں تبدیل ہوگیا۔
ایوا کے مطابق انہوں نے حیدر کے ساتھ صرف 18 دن ڈیٹ کرنے کے بعد ہی شادی کا فیصلہ کرلیا تھا کیوں کہ انہیں یقین ہوگیا تھا کہ حیدر کی صورت انہیں ایک بہترین پارٹنر مل گیا ہے لیکن حقیقت ان توقعات کے بالکل برعکس نکلی، حتیٰ کہ ایوا کی والدہ بھی مختلف مذہب سے تعلق رکھنے کی وجہ سے حیدر سے ان کی شادی کیلئے رضامند نہیں تھی لیکن اس کے باوجود انہوں نے حیدر کے ساتھ بھاگ کر شادی کرلی۔
ایوا نے دعویٰ کیا کہ شادی کے فوراً بعد ہی مسائل سامنے آنے لگے، ان کے ساتھ حیدر کا رویہ شدید جارحانہ تھا اور وہ اپنے غصے کو کنٹرول نہیں کرسکتا تھا، حتیٰ کہ انہیں کئی مرتبہ جسمانی تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا جس سے ان کا ذہنی سکون بھی متاثر ہو گیا۔
ایوا کے مطابق انہوں نے کئی برس تک اس رشتے کو بچانے کی کوشش کی لیکن سب بےمعنی رہا اور مشکلات بڑھتی چلی گئیں، شادی کے 4 سال بعد انہوں نے اس رشتے کو بچانے کیلئے ماں بننے کا فیصلہ کیا لیکن اس فیصلے نے ان کے شوہر میں تبدیلی کے بجائے صورتحال ہی تبدیل کردی۔
ایوا کے مطابق بیٹی کی پیدائش کے بعد ان کی بیٹی ان کی طاقت بن گئی اور انہوں نے فیصلہ کرلیا کہ وہ مزید یہ سب برداشت نہیں کرسکتیں۔
اداکارہ نےمزید کہا کہ اس احساس نے ہی انہیں زندگی کی ایک بار پھر تعمیر نو کیلئے اہم فیصلے کی ترغیب دی جس کے بعد دوستوں ،کولیگز اور فیملی کے تعاون سےوہ اس رشتے کو چھوڑنے اور آگے بڑھنے کا حوصلہ حاصل کرسکی۔
مزید پڑھیں۔امریکا کے ساتھ اگلے ایک سے دو روز میں معاہدہ ہو سکتا ہے: عباس عراقچی
