Search
Close this search box.
هفته ,13 جون ,2026ء

انگلینڈ کا شاندار آغاز، سری لنکا کو 87 رنز سے عبرتناک شکست

لندن: انگلینڈ ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں میزبان انگلینڈ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو 87 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔ انگلش بیٹر ڈینی ویاٹ ہوج نے دھواں دار سنچری اسکور کرکے اپنی ٹیم کی کامیابی میں مرکزی کردار ادا کیا۔

ایجبسٹن میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 219 رنز بنائے، جو ٹورنامنٹ کی تاریخ میں انگلینڈ کا سب سے بڑا اسکور بھی ہے۔ ڈینی ویاٹ ہوج نے صرف 62 گیندوں پر ناقابل شکست 105 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں متعدد چوکے اور چھکے شامل تھے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ حال ہی میں ماں بننے والی ڈینی ویاٹ ہوج نے سنچری مکمل کرنے کے بعد اپنی نومولود بیٹی کے نام خصوصی انداز میں خوشی کا اظہار بھی کیا۔ ان کی یہ اننگز شائقین کرکٹ کی توجہ کا مرکز بنی رہی۔

220 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم ابتدا ہی سے دباؤ کا شکار نظر آئی اور پوری ٹیم 132 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ انگلینڈ کی جانب سے فریا کیمپ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ چارلی ڈین اور سوفی ایکلسٹون نے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

انگلینڈ ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں اس شاندار فتح کے بعد انگلش ٹیم نے نہ صرف اپنی مہم کا کامیاب آغاز کیا بلکہ دیگر ٹیموں کے لیے بھی خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ دوسری جانب سری لنکا کو اگلے میچز میں بہتر کارکردگی دکھانے کے لیے اپنی بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں بہتری لانا ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں