Search
Close this search box.
جمعه ,12 جون ,2026ء

یومِ مئی پر اسلام آباد میں مزدور اور صحافی متحد، مہنگائی و نجکاری کے خلاف بڑا اعلان

اسلام آباد ( اوصاف نیوز   )یومِ مئی کے موقع پر اسلام آباد کے نیشنل پریس کلب میں مزدور اور صحافتی تنظیموں کا بڑا اجتماع منعقد ہوا، جہاں مختلف تنظیموں نے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو کر اپنے حقوق کیلئے مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس اہم اجتماع کا انعقاد پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس اور راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام کیا گیا۔سیکرٹری جنرل شکیل احمد اور آر آئی یو جے صدر طارق عثمانی صدر نیشنل پریس کلب عبدلرزاق سیال ، سیکرٹری نیشنل پریس کلب راؤ فرقان اور سی ڈی اے پاشا گروپ ایمپلائز کے عہدے داران نے یوم مزدور پر خصوصی خطاب کیا ۔

اجتماع میں مقررین نے مہنگائی، نجکاری، جبری برطرفیوں اور میڈیا ورکرز کو درپیش مسائل پر کھل کر بات کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ حالات میں مزدور اور صحافی سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں اور ان کے حقوق کا تحفظ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

مشترکہ اعلامیے میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ کم از کم اجرت پچاس ہزار روپے مقرر کی جائے اور اس پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ اس کے ساتھ ہی پبلک سیکٹر اداروں کی نجکاری فوری طور پر روکنے اور ٹھیکیداری نظام کے خاتمے پر زور دیا گیا۔

مقررین نے کہا کہ جبری برطرفیاں ناقابل قبول ہیں اور میڈیا ورکرز کو عدم تحفظ کا سامنا ہے، جس کا فوری حل نکالنا ہوگا۔ انہوں نے صحافیوں کے خلاف مقدمات کے خاتمے اور آزادی اظہار پر عائد پابندیوں کو ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

اجتماع میں اسلام آباد کی کچی آبادیوں کے مکینوں کی بے دخلی کے خلاف بھی آواز اٹھائی گئی اور مطالبہ کیا گیا کہ فوری طور پر ایسے اقدامات روکے جائیں تاکہ غریب طبقہ مزید مشکلات کا شکار نہ ہو۔

سی ڈی اے ایمپلائز یونین کے نمائندوں نے بھی بھرپور شرکت کی اور مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہر سطح پر آواز بلند کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ نجکاری اور ٹھیکیداری نظام مزدور دشمن پالیسیاں ہیں جو معاشرتی عدم مساوات کو بڑھا رہی ہیں۔

یومِ مئی کے اس اجتماع میں اس بات پر زور دیا گیا کہ مزدور، صحافی اور دیگر ملازمین اگر متحد رہیں تو اپنے حقوق کا بہتر تحفظ کر سکتے ہیں، اور یہی اتحاد ایک مضبوط اور جمہوری معاشرے کی بنیاد بن سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں