اسلام آباد (نامہ نگار) وزارت مذہبی امور نے پرائیویٹ حج اسکیم 2025 کے تحت حج کی ادائیگی کے خواہشمند عازمین کو خبردار کیا ہے کہ بکنگ کے لیے صرف چار دن باقی رہ گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق 17 اکتوبر کی شب سرکاری پورٹل بند کر دیا جائے گا، جس کے بعد مزید بکنگ ممکن نہیں ہو گی۔
ذرائع نے بتایا کہ پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت رواں برس 60 ہزار عازمین کو حج کی اجازت دی گئی ہے، جس میں سے اب تک 44 ہزار سے زائد نشستوں پر بکنگ مکمل ہو چکی ہے، جبکہ 16 ہزار نشستیں تاحال دستیاب ہیں۔
نجی حج آپریٹرز نے 19 ستمبر سے بکنگ کا آغاز کیا تھا اور 25 روز میں تقریباً 23 ہزار نئی بکنگز مکمل کیں۔ اس کے علاوہ گزشتہ برس کے 21 ہزار 654 عازمین کو بھی رواں سال حج پر بھجوایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پرائیویٹ حج آپریٹرز اس وقت 38 ہزار 346 کے حج کوٹے پر کام کر رہے ہیں، جب کہ مجموعی طور پر ان کا کوٹہ 90 ہزار سے کم کر کے 60 ہزار کر دیا گیا ہے۔
سعودی وزارتِ حج کی ہدایات کی روشنی میں بکنگ کی مدت میں کسی قسم کے اضافے کا امکان نہیں ہے۔ اس تناظر میں وزارت مذہبی امور نے تمام نجی حج آپریٹرز کو بروقت بکنگ مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے، ساتھ ہی عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لیے آگاہی مہم چلانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
وزارت نے پرائیویٹ آپریٹرز کو تحریری طور پر بھی خبردار کیا ہے کہ مقررہ وقت میں بکنگ مکمل نہ ہونے کی صورت میں عازمین کی حج شرکت متاثر ہو سکتی ہے۔




