ماسکو: ارلنگ ہالینڈ سے مشابہت رکھنے والی روسی ماڈل انستاسیا کوسترومیتینا ان دنوں سوشل میڈیا پر غیر معمولی مقبولیت حاصل کر رہی ہیں۔ ناروے کے معروف فٹبالر ارلنگ ہالینڈ سے ان کی حیران کن مشابہت نے انہیں راتوں رات انٹرنیٹ پر وائرل کر دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق 24 سالہ روسی ماڈل نے ابتدا میں اس مشابہت کو زیادہ اہمیت نہیں دی، تاہم جب دوستوں اور اہل خانہ نے بار بار اس کا ذکر کیا تو انہوں نے ارلنگ ہالینڈ کے انداز، چہرے کے تاثرات اور گول کرنے کے بعد خوشی منانے کے مخصوص انداز کی نقل کرتے ہوئے ویڈیوز بنانا شروع کر دیں۔
ارلنگ ہالینڈ سے مشابہت کی وجہ سے ان کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہوئیں اور لاکھوں صارفین نے انہیں دیکھا۔ اس غیر متوقع شہرت کے بعد متعدد برانڈز نے بھی انستاسیا سے رابطہ کیا اور مختلف تشہیری مہمات کے لیے پیشکشیں کیں۔
سوشل میڈیا صارفین نے انستاسیا کو دلچسپ انداز میں “خاتون ارلنگ ہالینڈ”، “ہالینڈ کی جڑواں” اور “پیدائش کے وقت بچھڑے ہوئے بہن بھائی” جیسے القابات بھی دینا شروع کر دیے، جس سے ان کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوا۔
انستاسیا کا کہنا ہے کہ وہ فیفا ورلڈ کپ میں ناروے کی ٹیم کی حمایت کر رہی ہیں اور ان کی سب سے بڑی خواہش ارلنگ ہالینڈ کے ساتھ ایک یادگار سیلفی لینا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں ہالینڈ خود بھی ان سے رابطہ کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ ابھی تک انہیں اپنے پسندیدہ فٹبالر سے ملاقات کا موقع نہیں ملا، لیکن وہ اس امید پر قائم ہیں کہ ایک دن یہ خواہش ضرور پوری ہوگی۔