اسلام آباد: چینی کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے اور ملک بھر میں اس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے وفاقی حکومت نے اہم فیصلے کیے ہیں۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے واضح کیا ہے کہ ذخیرہ اندوزی، مصنوعی مہنگائی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف حکومت کی زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔
چینی کی دستیابی اور قیمتوں کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ملک بھر میں چینی کی مسلسل سپلائی برقرار رکھی جائے تاکہ عوام کو مناسب قیمت پر چینی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
اجلاس کے دوران وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق نے صوبائی فوڈ محکموں کے تعاون سے چینی کے موجودہ ذخائر، پیداوار کے تخمینوں اور مارکیٹ میں قیمتوں کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ جائزے کے بعد اجلاس نے چینی کی مجموعی دستیابی اور سپلائی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
نائب وزیراعظم نے اس موقع پر زور دیا کہ چینی کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے اور ذخیرہ اندوزی کی کسی بھی کوشش کو ہر صورت ناکام بنایا جائے۔
دریں اثنا اسحاق ڈار نے اقتصادی سفارت کاری کے فروغ سے متعلق ایک بین الوزارتی اجلاس کی بھی صدارت کی، جس میں ملکی معیشت کو مضبوط بنانے، علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر اقتصادی تعاون بڑھانے اور عالمی معیارات پر مؤثر عمل درآمد سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعظم کے معاونِ خصوصی طارق باجوہ، سیکریٹری خارجہ، سیکریٹری کابینہ ڈویژن اور دیگر متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اسحاق ڈار نے تمام اداروں کو ہدایت کی کہ پائیدار معاشی استحکام کے لیے اپنی کوششوں میں مزید تیزی لائی جائے۔