تہران: مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے والد اور ایران کے سابق سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت کے بعد سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے والد کے خون کا بدلہ لیا جائے گا۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق مجتبیٰ خامنہ ای نے ٹیلیگرام پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ ان کے والد کی شہادت کا بدلہ لینا قوم کا مطالبہ ہے اور یہ مطالبہ ہر صورت پورا کیا جائے گا۔
یہ بیان مشہد میں آیت اللہ علی خامنہ ای کی تدفین کے بعد سامنے آیا، جہاں بڑی تعداد میں سوگواروں نے شرکت کی اور اپنے سابق رہبرِ اعلیٰ کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
رپورٹس کے مطابق مجتبیٰ خامنہ ای نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر بھی متعدد پیغامات جاری کیے، جن میں ایران اور عراق کے مختلف شہروں، خصوصاً تہران، قم، نجف، کربلا اور مشہد میں جنازے میں شریک افراد کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کے والد کی شہادت کے ذمہ دار افراد اپنے انجام سے نہیں بچ سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ جنگوں میں جان گنوانے والے دیگر افراد کے خون کا حساب بھی لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ایرانی حکام اس سے قبل بھی متعدد مواقع پر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی اور بدلہ لینے کے عزم کا اظہار کر چکے ہیں۔
اس معاملے پر متعلقہ فریقوں کی جانب سے مختلف مؤقف سامنے آتے رہے ہیں، جبکہ خطے کی مجموعی صورتحال پر عالمی برادری بھی گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔