امریکہ (ویب ڈیسک) امریکا کی نیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن (NBA) ایک بڑے تنازع میں گھر گئی، جہاں ٹیم میامی ہیٹ کے معروف کھلاڑی ٹیری روزیئر اور پورٹ لینڈ ٹریل بلیزرز کے ہیڈ کوچ چانسے بل اپس کو ایف بی آئی نے غیر قانونی جوئے اور سٹے بازی کی تحقیقات کے سلسلے میں گرفتار کر لیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی محکمہ انصاف (ڈیپارٹمنٹ آف جسٹس) نے جمعرات کے روز ایک اہم نیوز کانفرنس کا اعلان کیا تھا، جس میں کھیلوں میں غیر قانونی سٹے بازی اور پوکر گیم اسکیمز سے متعلق ہونے والی متعدد گرفتاریوں کی تفصیلات جاری کی گئیں۔
ذرائع کے مطابق کوچ چانسے بل اپس کو اس وقت حراست میں لیا گیا جب انہوں نے اوریگون کے شہر پورٹ لینڈ میں مینیسوٹا ٹمبروولوز کے خلاف میچ میں بلیزرز کی بطور ہیڈ کوچ ذمہ داریاں نبھائیں۔ اس میچ میں بلیزرز کو 118 کے مقابلے میں 114 پوائنٹس سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری جانب ٹیری روزیئر کو امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر اورلینڈو سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ اورلینڈو میجک کے خلاف میچ کے لیے موجود تھے۔ تاہم، وہ اس میچ میں ٹیم کا حصہ نہیں بنے۔
رپورٹس کے مطابق ٹیری روزیئر اس وقت 9 کروڑ 62 لاکھ ڈالر مالیت کے چار سالہ معاہدے کے آخری سال میں ہیں، اور ان کی گرفتاری این بی اے کے لیے ایک بڑا جھٹکا قرار دی جا رہی ہے۔
امریکی حکام کے مطابق مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں جبکہ دونوں شخصیات کے خلاف الزامات کی تفصیلات نیوز کانفرنس میں سامنے لائی جائیں گی۔
مزیدپڑھیں : شہباز شریف سے قطری وزیر تجارت کی ملاقات ،سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

