لاہور( اوصاف نیوز)پاکستان سری لنکا کے خلاف پہلا سنسنی خیز ون ڈے 6 رنز سے جیت کر آئی سی سی مردوں کی ون ڈے ٹیم رینکنگ میں چوتھی پوزیشن پر پہنچ گیا ہے۔
گزشتہ روز راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اس سنسنی خیز فتح نے نہ صرف پاکستان کو 3 میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری دلا دی ہے بلکہ سری لنکا کو 5ویں پوزیشن پر پہنچا دیا ہے۔
یہ پیش رفت پاکستان کے لیے حوصلہ افزا خبر ہے، خاص طور پر اس تناظر میں کہ قومی ٹیم اس وقت ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں 7ویں نمبر پر ہے۔
Pakistan Moves to Number 4 in ICC ODI Rankings
Right Direction pic.twitter.com/qgKYrzxcXL
— ٰImran Siddique (@imransiddique89) November 12, 2025
جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز 2-1 سے جیتنے کے بعد پاکستان نے اپنی عمدہ فارم برقرار رکھتے ہوئے سری لنکا کے خلاف پہلے ون ڈے میں شاندار کارکردگی دکھائی۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں پر 299 رنز بنائے، سلمان علی آغا نے 87 گیندوں پر ناقابل شکست 105 رنز بنائے، جس میں کچھ متاثر کن اسٹروک پلے بھی شامل تھا۔
انہیں ان کی کارکردگی کے لیے ‘پلیئر آف دی میچ’ کا ایوارڈ دیا گیا، جب کہ وہ تازہ ترین آئی سی سی بیٹنگ رینکنگ میں 14 درجے ترقی کرکے 16 ویں نمبر پر آگئے، جو کیرئیر کے بہترین 639 ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔
آل راؤنڈر حسین طلعت نے 63 گیندوں پر 62 رنز بنائے جبکہ محمد نواز نے 36 رنز کی کارآمد اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ 300 کے قریب پہنچا دیا۔
جواب میں سری لنکا نے زبردست مقابلہ کیا۔ ونندو ہسرنگا نے 52 گیندوں پر 59 اور سدھیرا سماراویرا نے 39 رنز بنائے لیکن پوری ٹیم 50 اوورز میں 9 وکٹ پر 293 رنز تک محدود رہی۔
فاسٹ بولر حارث رؤف نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 61 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔ فہیم اشرف اور نسیم شاہ نے 2،2 جبکہ محمد نواز نے ایک وکٹ حاصل کی۔
دونوں ٹیمیں جمعرات کو اسی مقام پر دوسرا ون ڈے کھیلیں گی جہاں پاکستان سیریز میں مسلسل دوسری فتح کے لیے پر امید ہو گا۔
مزید پڑھیں:افغانستان میں پاکستانی ادویات پر پابندی، پاکستان سے تجارت غیرقانونی قرار


