فیفا ورلڈ کپ سیمی فائنل میں پہلی مرتبہ عالمی رینکنگ کی ٹاپ چار ٹیموں نے بیک وقت جگہ بنا کر فٹبال کی تاریخ میں منفرد ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ اس تاریخی کامیابی کے بعد ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز کو اب تک کے سب سے سنسنی خیز مقابلوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔
ورلڈ کپ کے آخری کوارٹر فائنل میں دفاعی چیمپیئن ارجنٹائن نے سوئٹزرلینڈ کو 3-1 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی، جبکہ انگلینڈ نے ناروے کو سخت مقابلے کے بعد 2-1 سے ہرا کر آخری چار ٹیموں میں اپنی جگہ پکی کر لی۔
اب پہلے سیمی فائنل میں ارجنٹائن کا مقابلہ انگلینڈ سے ہوگا، جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں عالمی نمبر ایک فرانس اور اسپین آمنے سامنے ہوں گے۔ دونوں مقابلوں کو شائقین کی جانب سے ایونٹ کے سب سے بڑے اور فیصلہ کن میچز قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ پہلا موقع ہے کہ فیفا عالمی رینکنگ متعارف ہونے کے بعد دنیا کی چار سرفہرست ٹیمیں ایک ساتھ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل مرحلے تک پہنچی ہیں، جو عالمی فٹبال میں سخت مقابلے اور اعلیٰ معیار کی عکاسی کرتا ہے۔
فیفا کی تازہ عالمی رینکنگ کے مطابق فرانس پہلے، ارجنٹائن دوسرے، اسپین تیسرے جبکہ انگلینڈ چوتھے نمبر پر موجود ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سیمی فائنل کے دونوں میچز عالمی سطح پر غیر معمولی توجہ حاصل کر رہے ہیں۔
فٹبال ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹاپ چار ٹیموں کی موجودگی سے اس مرتبہ ورلڈ کپ کا اختتامی مرحلہ مزید دلچسپ اور مسابقتی ہو گیا ہے، جبکہ شائقین کو عالمی معیار کے یادگار مقابلے دیکھنے کو ملنے کی توقع ہے۔



