Search
Close this search box.
جمعرات ,04 جون ,2026ء

وزیراعظم کا پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں ظہرانہ

اسلام آباد(‌اوصاف نیوز)‌وزیر اعظم شہباز شریف نے سہ ملکی سیریز میں شریک پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں ظہرانہ دیا۔

اے بی این کے مطابق ظہرانے میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیر داخلہ اور پی سی بی کے چیئرمین سید محسن رضا نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی، سری لنکا کے ہائی کمشنر ریئر ایڈمرل فریڈ سینی ویراتنے اور زمبابوے کے ہائی کمشنر تبسو باون نے شرکت کی۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تمام کھلاڑی اپنے اپنے ممالک کی بہترین نمائندگی کر رہے ہیں، کھلاڑی سپورٹس مین شپ کی ایسی مثال قائم کریں جو نوجوان نسل کے لیے مشعل راہ ثابت ہو۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین محسن نقوی کی قیادت میں پی سی بی تمام میچز کا انعقاد بہترین انتظامات کے ساتھ کر رہا ہے۔ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کا مسلسل انعقاد ملک کے مثبت امیج اور امن و استحکام کا منہ بولتا ثبوت ہے جب کہ جاری سہ ملکی سیریز سے شائقین کرکٹ کو اعلیٰ سطح کے کھیل دیکھنے کی اجازت ملے گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں سہ ملکی سیریز میں کرکٹ ٹیموں نے شرکت کرکے جس جذبے، مہارت اور لگن کا مظاہرہ کیا وہ قابل تعریف ہے۔ تمام کھلاڑی اپنے اپنے ممالک کی بہترین نمائندگی کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم نے واضح کیا کہ ملک میں جاری سہ ملکی سیریز سے شائقین کرکٹ کو اعلیٰ سطح کے کھیل دیکھنے کا موقع ملے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے کہ کرکٹ کے ذریعے تینوں ممالک کے درمیان دوستی اور باہمی تعاون مزید مضبوط ہوگا اور پاکستان مستقبل میں بھی اسی طرح دنیا بھر کی ٹیموں کی میزبانی کرتا رہے گا۔
مزید پڑھیں‌:ٹک ٹاک کا نیا فیچر متعارف!صارفین کی دلچسپی کا باعث

یہ بھی پڑھیں