Search
Close this search box.
منگل ,30 جون ,2026ء

غسل کعبہ کی سالانہ روح پرور تقریب

مکہ مکرمہ: غسل کعبہ کی سالانہ بابرکت اور روح پرور تقریب مسجد الحرام میں انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوئی، جہاں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی نیابت کرتے ہوئے نائب گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز آل سعود نے خانہ کعبہ کو غسل دینے کی سعادت حاصل کی۔

تقریب کے موقع پر مسجد الحرام میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔ غسل کعبہ کی بابرکت تقریب میں حرمین شریفین کے مذہبی و انتظامی حکام، اسلامی ممالک کے سفارتکار، جید علما، شاہی خاندان کے افراد اور دیگر ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔

شہزادہ سعود بن مشعل مسجد الحرام پہنچنے کے بعد پہلے بیت اللہ کا طواف کیا اور دو رکعت نوافل ادا کیے۔ اس کے بعد انہوں نے غسل کعبہ کی رسم کا آغاز کیا۔ اس موقع پر خانہ کعبہ کی اندرونی دیواروں کو آبِ زم زم اور خالص عرقِ گلاب سے دھویا گیا، جبکہ بعد ازاں عود اور دیگر اعلیٰ خوشبوؤں سے معطر کیا گیا، جس سے روح پرور ماحول مزید خوشگوار ہو گیا۔

تقریب میں حج و عمرہ کے وزیر ڈاکٹر توفیق الربیعہ، حرمین شریفین کے مذہبی امور کے سربراہ اور امام و خطیب مسجد الحرام شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس، مسجد نبوی ﷺ کے امام و خطیب شیخ احمد الحذیفی، رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ، کلید کعبہ (سدنہ) کے ارکان، مؤذنِ حرم شیخ اسامہ اخضر، دیگر ائمہ کرام، علما اور مختلف اسلامی ممالک کے سفیروں نے بھی شرکت کی۔

غسل کعبہ کی یہ سالانہ روایت اسلامی دنیا کے لیے خصوصی روحانی اہمیت رکھتی ہے، جس میں ہر سال منتخب شخصیات کو شرکت کا اعزاز حاصل ہوتا ہے۔ اس موقع پر بیت اللہ کی خدمت اور تقدس کے اظہار کے ساتھ امت مسلمہ کی سلامتی، اتحاد اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں