Search
Close this search box.
منگل ,21 جولائی ,2026ء

آزاد کشمیر انتخابات 2026، سرکاری ملازمین کی پولنگ پرامن انداز میں مکمل

مظفرآباد/میرپور: آزاد کشمیر انتخابات 2026 کے سلسلے میں سرکاری ملازمین کے لیے پولنگ کا مرحلہ پرامن ماحول میں مکمل ہو گیا، جبکہ الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ 27 جولائی کو عام انتخابات مقررہ شیڈول کے مطابق ہی منعقد ہوں گے اور اس حوالے سے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے سینئر ممبر الیکشن کمیشن خواجہ محمد احسن، ممبر الیکشن کمیشن سید نظیر الحسن گیلانی اور سیکرٹری الیکشن کمیشن راجہ محمد شکیل خان کے ہمراہ مظفرآباد میں قائم مختلف پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کیا اور پولنگ کے عمل، سکیورٹی انتظامات اور انتخابی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ عام انتخابات 27 جولائی کو اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے اور کسی کو بھی انتخابی عمل سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابات کے لیے تمام انتظامات مکمل ہیں جبکہ سکیورٹی کے بھی مؤثر اور جامع اقدامات کیے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن ڈیوٹی انجام دینے والے سرکاری ملازمین نے بھرپور انداز میں اپنا حق رائے دہی استعمال کیا اور پولنگ کا مرحلہ مجموعی طور پر پُرامن اور منظم انداز میں مکمل ہوا۔

سینئر ممبر الیکشن کمیشن خواجہ محمد احسن کا کہنا تھا کہ انتخابی عمل کے ابتدائی مرحلے میں ووٹرز کی بھرپور شرکت حوصلہ افزا ہے اور الیکشن کمیشن شفاف، آزاد اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام ضروری اقدامات مکمل کر چکا ہے۔

ممبر الیکشن کمیشن سید نظیر الحسن گیلانی نے بتایا کہ پولنگ اسٹیشنوں پر انتظامات تسلی بخش رہے، پولنگ عملہ اپنی ذمہ داریاں خوش اسلوبی سے انجام دیتا رہا جبکہ پولنگ ایجنٹس اور ووٹرز نے بھی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سرکاری ملازمین کی پولنگ میں استعمال ہونے والے بیلٹ بکس سیل کرکے متعلقہ ریٹرننگ افسران کے حوالے کیے جا رہے ہیں اور ان ووٹوں کی گنتی 27 جولائی کو عام انتخابات کے ساتھ ہی کی جائے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ راولاکوٹ اور پلندری (سدھنوتی) میں بعض سکیورٹی وجوہات کی بنا پر آج پولنگ مؤخر کی گئی ہے، تاہم ایک یا دو روز میں ان اضلاع کے لیے نئے شیڈول کا اعلان کر دیا جائے گا۔

دوسری جانب ضلع میرپور میں بھی انتخابی عملے کی پولنگ کامیابی سے مکمل ہوئی۔ ضلع بھر میں قائم چار پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹنگ مقررہ وقت کے مطابق اختتام پذیر ہوئی، جہاں فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔ ضلعی انتظامیہ، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پورے انتخابی عمل کی مسلسل نگرانی کی۔

پولنگ کے بعد بیلٹ بکس اور دیگر انتخابی ریکارڈ ضابطہ کار کے مطابق سخت سکیورٹی میں متعلقہ ریٹرننگ افسران کے حوالے کرنے کا عمل مکمل کیا گیا۔ الیکشن حکام کے مطابق مجموعی طور پر میرپور میں انتخابی عمل شفاف، منظم اور پرامن ماحول میں انجام پایا۔

یہ بھی پڑھیں