ریاض: ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا متعارف کرا کر سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے دنیا بھر کے زائرین کے لیے بڑی سہولت کا اعلان کر دیا ہے۔ نئی پالیسی کے تحت اب ایک ہی ویزے کے ذریعے ایک سال کے دوران متعدد مرتبہ سعودی عرب جا کر عمرہ ادا کیا جا سکے گا۔
سعودی وزارتِ حج و عمرہ کے مطابق اس نئے ویزا کا مقصد زائرین کے سفر کو مزید آسان اور لچکدار بنانا ہے تاکہ وہ اپنی سہولت اور منصوبہ بندی کے مطابق مختلف اوقات میں عمرے کی سعادت حاصل کر سکیں۔
وزارت کے مطابق ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا جاری ہونے کی تاریخ سے 365 دن تک مؤثر رہے گا۔ اس دوران ویزا ہولڈر مختلف اوقات میں سعودی عرب کا سفر کر سکتا ہے، تاہم مجموعی طور پر 90 دن تک قیام کی اجازت ہوگی۔
وزارت نے واضح کیا ہے کہ ہر نئے سفر سے پہلے زائرین کو “نسک” (Nusuk) پلیٹ فارم کے ذریعے منظور شدہ سروس پیکج منتخب کرنا اور عمرہ پرمٹ حاصل کرنا لازمی ہوگا۔ اس شرط کا مقصد زائرین کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اور عمرہ انتظامات کو منظم بنانا ہے۔
اعلامیے کے مطابق جب بھی کوئی زائر سعودی عرب سے اپنے وطن واپس جائے گا تو اس کے ویزے پر باقی ماندہ قیام کی مدت خودکار طور پر اپ ڈیٹ ہو جائے گی، جس سے آئندہ سفر کی منصوبہ بندی مزید آسان ہو گی۔
تاہم وزارتِ حج و عمرہ نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ یہ سہولت حج سیزن کے دوران دستیاب نہیں ہوگی۔ یکم ذوالقعدہ سے 13 ذوالحجہ تک جاری رہنے والے حج کے ایام میں اس ویزے کے ذریعے سعودی عرب میں عمرے کے لیے داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ماہرین کے مطابق نئی ویزا پالیسی سے دنیا بھر کے لاکھوں مسلمانوں، خصوصاً ایسے افراد کو فائدہ ہوگا جو سال میں ایک سے زیادہ مرتبہ عمرہ ادا کرنے کی خواہش رکھتے ہیں یا کاروباری اور خاندانی مصروفیات کے باعث مختلف اوقات میں سفر کرنا چاہتے ہیں۔

