اسلام آباد (اوصاف نیوز) پاکستانی وزیر مملکت برائے کرپٹو اینڈ بلاک چین بلال بن ثاقب کو ورلڈ اکنامک فورم کی گلوبل اسٹیئرنگ کمیٹی کا رکن منتخب کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے عالمی ڈیجیٹل اکانومی اور کرپٹو کرنسی ریگولیشن کے شعبے میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
ورلڈ اکنامک فورم (WEF) نے پاکستانی وزیر مملکت برائے کرپٹو اینڈ بلاک چین، بلال بن ثاقب کو گلوبل اسٹیئرنگ کمیٹی کا رکن منتخب کیا ہے۔
ورلڈ اکنامک فورم کی ڈیجیٹل ایسٹ گورننس کمیٹی میں بلال بن ثاقب کی شمولیت کو پاکستان کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ ایک بین الاقوامی فورم ہے جو دنیا بھر میں cryptocurrency اور blockchain ٹیکنالوجی کے لیے قوانین، پالیسی فریم ورک اور ضوابط کی تیاری میں مرکزی کردار ادا کرتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی اس بات کا اعتراف ہے کہ ملک کی ڈیجیٹل معیشت، ٹیکنالوجی اور متعلقہ پالیسی سازی تیزی سے زور پکڑ رہی ہے۔
ڈیجیٹل اثاثوں سے متعلق عالمی ڈائیلاگ میں پاکستان کی شرکت سے ملک کو جدید مالیاتی نظام کا حصہ بننے میں مدد ملے گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی عالمی ساکھ اور بین الاقوامی فورمز میں اس کی فعال موجودگی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ ملک ڈیجیٹل فنانس، کرپٹو ریگولیشن اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مستقبل کے لیے راہ ہموار کر رہا ہے۔
مزید پڑھیں:انوپم کھیر کا میز پر چڑھ کر انوکھا احتجاج
