اسلام آباد (اوصاف نیوز) پاسپورٹ کے درخواست دہندگان کے لیے نیا نظام متعارف کرا دیا گیا، درخواست گزار اپنے فنگر پرنٹس کی باآسانی تصدیق کر سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ پاسپورٹ نے نیا آن لائن تصدیق کا نظام متعارف کرادیا، آن لائن پاسپورٹ درخواست گزاروں کی سہولت کے لیے فنگر پرنٹ کی تصدیق کا نظام متعارف کرایا گیا ہے۔
نادرا کے تعاون سے تیار کیے گئے اس سسٹم کے ذریعے اب آن لائن درخواست دہندگان پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے آسانی سے اپنے فنگر پرنٹس کی تصدیق کر سکیں گے۔
محکمہ پاسپورٹ نے کہا کہ اس نئے نظام کا مقصد ان تکنیکی مسائل کو ختم کرنا ہے جن کا سامنا شہریوں خصوصاً بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو آن لائن فنگر پرنٹس کی تصدیق کے دوران کرنا پڑتا ہے۔
محکمہ نے کہا کہ فنگر پرنٹ کی تصدیق میں مسائل کی صورت میں چہرے کی تصدیق کا آپشن بھی فراہم کیا گیا ہے جس کے بعد درخواست گزار بغیر کسی رکاوٹ کے تصدیق کا عمل مکمل کر سکیں گے۔
ڈی جی پاسپورٹ مصطفیٰ جمال قاضی نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے آن لائن فنگر پرنٹ کی تصدیق میں مسائل کی متعدد شکایات موصول ہوئی تھیں جنہیں مدنظر رکھتے ہوئے نادرا کے تعاون سے نیا نظام متعارف کرایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی، بزرگ شہری اور خصوصی افراد اس سہولت سے سب سے زیادہ مستفید ہوں گے۔
ڈی جی پاسپورٹ نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے جدید اور موثر سہولیات متعارف کرانے کا عمل جاری ہے، مستقبل میں اس نظام کو مزید بہتر کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:کڑاکے کی سردی اوردھند:محکمہ موسمیات نےاہم پیشگوئی کردی

