لاہور (اوصاف نیوز) پاکستان کے سٹار فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی ان دنوں لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بحالی کے مراحل سے گزر رہے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو امید ہے کہ شاہین مکمل طور پر فٹ ہوں گے اور آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کے قابل ہوں گے۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق شاہین شاہ آفریدی کی بحالی پی سی بی میڈیکل پینل کی نگرانی میں جاری ہے جہاں ان کی فٹنس، گھٹنے کی حالت اور کام کے بوجھ کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ طبی ٹیم مرحلہ وار بنیادوں پر ان کی صحت یابی کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرات سے بچتے ہوئے وہ مکمل طور پر فٹ ہو سکیں۔
واضح رہے کہ شاہین شاہ آفریدی گھٹنے کی تکلیف کے باعث آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ (بی بی ایل) سے دستبردار ہوگئے تھے۔ انجری کے باعث وہ لیگ میں اپنی ٹیم کی نمائندگی نہیں کر سکے جس کے بعد پاکستانی فاسٹ باؤلر زمان خان نے ان کی جگہ برسبین ہیٹ سے معاہدہ کر لیا ہے۔
برسبین ہیٹ انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ زمان خان کو شاہین شاہ آفریدی کے متبادل کے طور پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ ٹیم انتظامیہ کے مطابق زمان خان ہفتے کو سڈنی تھنڈر کے خلاف میچ کے لیے دستیاب ہوں گے۔ زمان خان ڈیتھ اوورز میں تیز رفتار اور موثر باؤلنگ کے لیے جانے جاتے ہیں جب کہ ان کی حالیہ کارکردگی کی بنیاد پر ان کی شمولیت کو برسبین ہیٹ کے لیے ایک اہم اضافہ قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی کی صحت اور فٹنس اولین ترجیح ہے اور مکمل فٹ ہوئے بغیر انہیں میدان میں اتارنے کا کوئی ارادہ نہیں۔ بورڈ کو امید ہے کہ شاہین کی بروقت اور مکمل صحت یابی قومی ٹیم میں خوش آئند اضافہ ثابت ہوگی۔
مزید پڑھیں:پی ٹی آئی کے لیے حکومتی پیشکش منظرعام پر


