اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے مقامی کمپنی اسٹار چارج انرجی پاکستان اور چین کی باہوم گلوبل لمیٹڈ کے درمیان ملک بھر میں الیکٹرک وہیکل (EV) چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیے گئے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں انقلابی تبدیلی لانے کے لیے الیکٹرک موبیلٹی کو فروغ دینے کے عزم پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی مجوزہ بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹم پالیسی ملک میں الیکٹرک وہیکلز کے انقلاب کی بنیاد رکھے گی۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت مقامی سطح پر لیتھیم آئن بیٹریوں کی تیاری کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے، جبکہ نئی پالیسی غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور ایک مضبوط، پائیدار صنعتی ماحولیاتی نظام تشکیل دینے میں مددگار ثابت ہوگی۔
ہارون اختر خان نے کہا کہ اس مفاہمتی یادداشت کے تحت چینی کمپنی باہوم گلوبل لمیٹڈ جدید ٹیکنالوجی فراہم کرے گی اور مقامی کمپنی اسٹار چارج انرجی پاکستان کے اشتراک سے ملک بھر میں الیکٹرک گاڑیوں کے لیے چارجنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ بین الاقوامی تعاون، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مقامی مینوفیکچرنگ کے ذریعے پاکستان میں الیکٹرک وہیکلز کے شعبے کو مضبوط بنانے کی جانب پہلا بڑا قدم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں جدید چارجنگ انفراسٹرکچر کے قیام سے الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال میں نمایاں اضافہ ہوگا، جبکہ چارجنگ اسٹیشنز کے نیٹ ورک کی توسیع سے صارفین کے لیے الیکٹرک گاڑیوں کا استعمال زیادہ آسان، قابلِ رسائی اور سہل ہو جائے گا۔
معاون خصوصی نے مزید کہا کہ حکومت کی پالیسی کے نتیجے میں درآمدی پیٹرولیم مصنوعات پر انحصار میں کمی آئے گی، جس سے ملک کے درآمدی بل میں نمایاں کمی ہوگی۔ اس کے ساتھ ساتھ ماحول دوست ٹرانسپورٹ، توانائی کے تحفظ اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں بھی مدد ملے گی۔
مزید پڑھیں۔موبائل فون صارفین کے لیے خوشخبری، بڑی سہولت مل گئی!

