کوئٹہ(نیوز ڈیسک) بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے 10 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقوں سوراب اور مستونگ میں بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے خلاف مشترکہ آپریشنز کیے۔
مختلف علاقوں میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران کارروائیوں میں 10 دہشتگرد مارے گئے۔ ضلع سوراب میں کارروئیواں کے دوران 7 جبکہ ضلع مستونگ میں 3 دہشتگرد مارے گئے۔ دہشت گردوں کے قبضے سے ہتھیار، گولہ بارود اور بارودی مواد برآمد ہوا۔
مستونگ آپریشن میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والی 2 خودکش بمبار خواتین اور سہولت کار کو بھی گرفتار کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشنز جاری ہیں۔ غیر ملکی سرپرستی اور معاونت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
مزید پڑھیں۔نئی آئی سی سی رینکنگ، بابر اعظم نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا


