لندن (سپورٹس ڈیسک) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو ایک بار پھر بھارتی ویزوں کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی عادل رشید اور ریحان احمد آئی سی سی ٹی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے بھارتی ویزوں کے منتظر ہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں عادل رشید اور ریحان احمد کو بھارتی حکام سے ویزا کی اجازت نہیں ملی۔ دونوں کرکٹرز اس ہفتے کے آخر میں اسکواڈ کے دیگر ارکان کے ساتھ سری لنکا روانہ نہیں ہوں گے۔
انگلینڈ کو پہلے مرحلے میں سری لنکا میں وائٹ بال کی سیریز کھیلنی ہے۔
وائٹ بال سیریز کا آغاز 22 جنوری سے ہوگا جس کے بعد انگلینڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز بھارت میں کھیلے گا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں انگلینڈ کا پہلا میچ نیپال کے خلاف 8 فروری کو ممبئی میں شیڈول ہے۔
برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کی جانب سے باضابطہ دعوت کے فوراً بعد ویزے کے تمام طریقہ کار مکمل کر لیے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق عادل رشید اور ریحان احمد نے فرنچائز کرکٹ میں مصروفیت کے باعث بیرون ملک رہتے ہوئے ویزوں کی درخواست دی تھی۔
ای سی بی حکام آئی سی سی، بھارتی بورڈ بشمول برطانوی اور بھارتی حکام سے رابطے میں ہیں۔
یاد رہے کہ ماضی میں برطانوی کرکٹرز کو پاکستانی پس منظر کی وجہ سے بھارتی ویزوں کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
شعیب بشیر کو 2024 میں ویزہ دیر سے جاری کیا گیا، ثاقب محمود کو ماضی میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
مزید پڑھیں:پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری


