اسلام آباد (اوصاف نیوز) پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے سوشل میڈیا صارفین کو نفرت انگیز، ہتک آمیز اور گمراہ کن مواد کی اشاعت اور ترسیل سے باز رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا صارفین گمراہ کن مواد فوری طور پر ہٹا دیں اور کسی بھی ایسے بیانیے یا منفی مہم کا حصہ نہ بنیں جو قومی سالمیت کو نقصان پہنچانے یا ریاستی اداروں اور افراد کی عزت و وقار مجروح کرنے کا باعث بنے۔
اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ پیکا ایکٹ کے تحت جان بوجھ کر جھوٹی معلومات پھیلانا اور کسی فرد یا ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچانا قابلِ سزا جرم ہے۔ پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ ذمہ دارانہ ڈیجیٹل رویہ اختیار کرنا ہر صارف کی قومی ذمہ داری ہے۔
پی ٹی اے نے خبردار کیا کہ قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
مزید پڑھیں:بجلی کے کھمبوں پر غیر مجاز کیبلز، عوامی سلامتی کے لیےسنگین خطرہ


