Search
Close this search box.
بدھ ,24 جون ,2026ء

چاند نظر آیایا نہیں‌،یکم شعبان کب ہوگی؟

اسلام آباد (اوصاف نیوز) لاہور اور اسلام آباد سمیت ملک بھر میں ماہِ شعبان المعظم کا چاند نظر نہیں آیا۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے متفقہ طور پر اعلان کیا ہے کہ یکم شعبان المعظم 1447ھ، 21 جنوری 2026ء بروز بدھ ہوگی۔

ماہِ شعبان المعظم کا چاند دیکھنے کے لیے چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا سید عبد الخبیر آزاد کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جبکہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں ہوئے۔ اجلاس میں وزارت مذہبی امور کے ڈائریکٹر رابطہ حافظ عبدالقدوس، ڈاکٹر شاہد الرحمن مارتھ اور نصیرالدین نے فرائض انجام دیے۔

فنی معاونت کے لیے محکمہ موسمیات سے ڈاکٹر حسن علی بیگ، سپارکو سے شوکت اللہ خان اور وزارت سائنس و ٹیکنالوجی سے جوائنٹ سیکرٹری زین العابدین نے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک کے بیشتر حصوں میں مطلع ابر آلود رہا، تاہم کچھ مقامات پر مطلع صاف بھی تھا، اس کے باوجود کسی بھی مقام سے چاند نظر آنے کی معتبر شہادت موصول نہیں ہوئی۔

اعلامیہ کے مطابق عدمِ رویت کی بنیاد پر اتفاقِ رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ یکم شعبان 21 جنوری بروز بدھ ہوگی۔ اس موقع پر مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے دعا کراتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ رجب اور شعبان میں برکت عطا فرمائے اور رمضان المبارک تک پہنچائے۔ انہوں نے کہا کہ شعبان کی پندرہویں شب (شبِ برات) خیر، برکت اور رحمت کی رات ہے، اللہ تعالیٰ سب کو اس کی برکات نصیب فرمائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو اس وقت اتحاد، وحدت اور قومی یکجہتی کی اشد ضرورت ہے۔ اجلاس کے اختتام پر عالمِ اسلام کے اتحاد، حرمین شریفین کے تحفظ، پاکستان کی سلامتی و استحکام، ترقی و خوشحالی، مقبوضہ کشمیر اور غزہ و فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی آزادی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
مزید پڑھیں‌:اوپن مارکیٹ میں آج کے کرنسی ریٹ جانیے

یہ بھی پڑھیں