جدہ (انٹرنیشنل ڈیسک) معروف فرانسیسی ٹی وی اسٹار ڈیلن تھیری نے اسلام قبول کرنے کے بعد اپنی والدہ کے ساتھ عمرہ ادا کیا جس کی تصاویر اور پیغامات سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک پوسٹ میں ڈیلن تھیری کو اپنی والدہ کے ساتھ مکہ میں دیکھا جا سکتا ہے۔ اداکار نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک خبر کا اسکرین شاٹ شیئر کیا، جس میں وہ خانہ کعبہ کے سامنے اپنی والدہ کا ماتھا چومتے ہوئے نظر آرہے ہیں، یہ منظر صارفین نے انتہائی جذباتی اور ایمان افروز قرار دیا۔
ڈیلن تھیری اور ان کی والدہ چند ماہ قبل اسلام میں داخل ہوئے تھے۔ اسلام قبول کرنے کے بعد یہ ان کا پہلا مقدس سفر تھا جسے انہوں نے اپنی زندگی کا ایک انتہائی روحانی اور یادگار لمحہ قرار دیا۔ عمرہ ادا کرتے ہوئے اداکار نے سادگی، عاجزی اور شکر گزاری کے جذبات کا اظہار کیا۔
ڈیلن تھیری نے کہا کہ اپنی والدہ کے ساتھ اس مبارک سفر کا تجربہ ان کے لیے غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے، یہ سفر نہ صرف ایمان کے ایک نئے باب کا آغاز ہے بلکہ ایک نئے مقصد اور خلوص کے ساتھ زندگی میں آگے بڑھنے کی علامت بھی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام نے انہیں ذہنی سکون، رہنمائی اور باطنی سکون دیا ہے۔
اداکار کی خبر پر دنیا بھر کے صارفین کی جانب سے مبارکباد اور نیک خواہشات کا سلسلہ جاری ہے۔ بہت سے لوگوں نے اسے بین المذاہب ہم آہنگی اور روحانی جستجو کی ایک خوبصورت مثال قرار دیا، جب کہ مداحوں نے اس کے مستقبل کے لیے دعاؤں اور حمایت کا اظہار کیا۔
مزید پڑھیں:سابق کرکٹر عبدالقادر کے بیٹے کے خلاف مقدمہ درج
