Search
Close this search box.
بدھ ,24 جون ,2026ء

9 مئی کو بنیاد بنا کر ہر سیاسی کارکن کو نشانہ بنانا درست نہیں، فیصل چودھری

اسلام آباد (اوصاف نیوز) تحریک انصاف کے رہنما فیصل چودھری نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات کو بنیاد بنا کر ہر سیاسی کارکن کو نشانہ بنانا درست عمل نہیں، جبکہ جھوٹے مقدمات درج کرنا کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کابینہ میں شامل بعض ارکان نے بھی واقعات کی کھل کر مذمت کی تھی اور رانا ثنا اللہ سمیت کئی رہنماؤں نے غلط اقدامات کی مخالفت کی۔

اے بی این نیوز کے پروگرام ’’تجزیہ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل چودھری کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے معاملے کو غیر سیاسی رکھا جانا چاہیے، کیونکہ واقعے کو سیاسی رنگ دینے سے انصاف کا عمل کمزور ہو گا۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ اس معاملے سے اداروں کو الگ رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ تمام سیاسی جماعتوں میں ایسے لوگ موجود ہیں جو کشیدگی کم کرنا چاہتے ہیں۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا شہریار احمد نے وادی تیراہ خالی کروانے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ افواہیں غلط اور بے بنیاد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موسمی حالات کے باوجود وادی تیراہ میں لوگوں کی معمول کی سرگرمیاں جاری ہیں اور وہاں موجود افراد مکمل طور پر محفوظ ہیں۔

رانا شہریار احمد نے واضح کیا کہ وادی تیراہ کو خالی کروانے کا نہ کوئی ارادہ ہے اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی حکم جاری کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی خبریں حقائق کے منافی ہیں اور سہیل آفریدی انتشار کی سیاست کو فروغ دینے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم عوامی ردعمل نہ ملنے پر انہوں نے یوٹرن لے لیا۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی کا مقصد اپنی سیاست چمکانا اور ملک کو نقصان پہنچانا ہے، جبکہ قومی قیادت پاکستان کی ترقی اور سالمیت کے لیے دن رات محنت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتشار کی سیاست ترک کر کے مسائل کے حل پر توجہ دینا ہوگی، کیونکہ مسائل کا حل سڑکوں پر نہیں بلکہ بات چیت سے ممکن ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ احتجاج ہر شہری کا حق ہے، تاہم یہ قانون اور ایس او پیز کے دائرے میں ہونا چاہیے۔ ماضی کی غلطیوں کو دہرانے کے بجائے آگے بڑھنے اور تمام فریقین کو میز پر بیٹھ کر مشترکہ حل نکالنے کی ضرورت ہے۔
مزید پڑھیں‌:پاکستانی مارکیٹ میں کم قیمت ہائبرڈ ایس یو وی جیکو جے فائیو لانچ

یہ بھی پڑھیں