Search
Close this search box.
بدھ ,24 جون ,2026ء

پشین میں سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، 6 فتنہ الخوارج مارے گئے

کوئٹہ (اوصاف نیوز) ڈی آئی جی کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اعتزاز گورایہ نے بتایا ہے کہ پشین میں سی ٹی ڈی کی کارروائی کے دوران 6 دہشت گرد مارے گئے جبکہ سی ٹی ڈی کے 10 اہلکار معمولی زخمی ہوئے۔ کارروائی کے دوران بھاری اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔

کوئٹہ میں وزیراعلیٰ کے سیاسی اور میڈیا امور کے معاون شاہد رند کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز گورایہ نے کہا کہ کارروائی کے دوران راکٹ لانچرز، کلاشنکوف، ہینڈ گرینیڈ اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا۔ ان کے مطابق مجموعی طور پر آپریشن کامیاب رہا اور مزید ملوث افراد کے خلاف بھی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

اعتزاز گورایہ نے کہا کہ پشین میں جہاں کارروائی کی گئی وہاں فتنہ الخوارج کے عناصر کی آمد و رفت تھی۔ کارروائی سے قبل دہشت گردوں کو سرنڈر کرنے کا پیغام دیا گیا اور ثالثین بھی بھیجے گئے، تاہم سرنڈر نہ کرنے پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کسی کو مارنے کا شوق نہیں، لیکن ریاستی رٹ چیلنج کرنے والوں کے خلاف کارروائی ناگزیر ہے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ کے معاون شاہد رند نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ ان کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں کسی قسم کے سیاسی دباؤ کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔
مزید پڑھیں‌:پیرافورس سےمتعلق حکومت کا بڑا فیصلہ سامنے آ گیا

یہ بھی پڑھیں