بگوٹا (نیوز ڈیسک) کولمبیا میں چھوٹا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 15 افراد ہلاک ہوگئے۔
یہ المناک حادثہ کولمبیا کی وینزویلا کے ساتھ مشرقی سرحد کے قریب دشوار گزار اور پہاڑی علاقے میں پیش آیا جہاں امدادی کارروائیوں میں بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گر کر تباہ ہونے والا طیارہ کوکوٹا سے اوکساکا جا رہا تھا۔ ایئر ٹریفک کنٹرول حکام کا کہنا ہے کہ لینڈنگ سے کچھ دیر قبل طیارے سے رابطہ اچانک منقطع ہوگیا جس کے بعد طیارے کی تلاش شروع کردی گئی۔ چند گھنٹے بعد حکام نے تصدیق کی کہ طیارہ پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔
حکام کے مطابق طیارے میں 13 مسافر اور عملے کے 2 ارکان سوار تھے جن میں کولمبیا کی کانگریس کا ایک نمائندہ بھی شامل تھا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر روانہ کردی گئیں تاہم خراب موسم، گھنے جنگلات اور دشوار گزار راستوں کے باعث امدادی کارروائیوں میں تاخیر ہوئی۔ بعد میں تمام لاشیں ملبے سے نکال لی گئیں۔
ابتدائی تحقیقات میں حکام نے خراب موسم کو حادثے کی ممکنہ وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ حادثے کے وقت علاقے میں شدید بارش اور حد نگاہ کم تھی۔ تاہم سول ایوی ایشن اتھارٹی اور متعلقہ اداروں کی جانب سے حادثے کی مکمل وجوہات کا تعین کرنے کے لیے باقاعدہ تحقیقات جاری ہیں۔
کولمبیا کے صدر اور اعلیٰ حکام نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور مرنے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔
مزید پڑھیں:گلوکارہ حدیقہ کیانی کا نیا صوفیانہ گانا’ ڈھولنا ‘ریلیز


