Search
Close this search box.
جمعرات ,02 جولائی ,2026ء

وفاقی حکومت نے 5 فروری کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا

(ویب ڈیسک)وفاقی حکومت نے 5 فروری کو یومِ یکجہتیٔ کشمیر کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا، جاری کردہ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق اس دن سرکاری و نجی دفاتر، تعلیمی ادارے اور بیشتر کاروباری سرگرمیاں بند رہیں گی۔

حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا کہ 5 فروری کی صبح 10 بجے پورے ملک میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی، اس خاموشی کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے نتیجے میں شہید ہونے والے کشمیریوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا اور ان کی قربانیوں کو یاد رکھنا ہے،اس موقع پر مساجد میں خصوصی دعائیں بھی کی جائیں گی جبکہ مختلف شہروں میں یکجہتی ریلیاں، سیمینارز اور تقاریب منعقد ہوں گی۔

یومِ یکجہتیٔ کشمیر ہر سال پاکستان میں قومی جذبے کے ساتھ منایا جاتا ہے، اس دن عوام، سیاسی و مذہبی جماعتیں، سول سوسائٹی اور طلبہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا بھرپور اظہار کرتے ہیں، حکومت کی جانب سے عام تعطیل کا اعلان اس بات کی علامت ہے کہ پاکستان کشمیریوں کے ساتھ سیاسی، اخلاقی اور سفارتی سطح پر اپنی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔

سرکاری حلقوں کے مطابق یومِ کشمیر کے موقع پر دارالحکومت اسلام آباد سمیت تمام صوبائی دارالحکومتوں میں خصوصی تقریبات ہوں گی،سرکاری عمارات پر قومی پرچم سرنگوں رکھا جائے گا اور میڈیا پر خصوصی پروگرام نشر کیے جائیں گے جن میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کشمیری عوام کی جدوجہد کو اجاگر کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:پیٹ کمنز نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے دستبرداری کی وجہ بتادی

یہ بھی پڑھیں