اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاقی دارالحکومت میں غیر ملکی وفود کی آمدورفت کے باعث آج مختلف اوقات میں اہم شاہراہوں پر خصوصی ٹریفک پلان نافذ کیا جائے گا جس کے تحت متعدد سڑکوں پر عارضی ٹریفک ڈائیورشنز لگائی جائیں گی۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے اور سفر کے لیے اضافی وقت مختص کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق کلب روڈ سے کشمیر چوک اور سرینا چوک سے زیرو پوائنٹ تک مختلف اوقات میں ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے جس کے باعث ان شاہراہوں پر عارضی ڈائیورشنز نافذ رہیں گی۔
پولیس نے شہریوں کی سہولت کے لیے متبادل راستوں کی بھی نشاندہی کی ہے۔ بھارہ کہو اور ترامڑی پارک روڈ سے اسلام آباد آنے والے شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ مری روڈ، فیض آباد اور اسلام آباد ایکسپریس ہائی وے استعمال کریں جبکہ سری نگر ہائی وے سے سرینا ہوٹل اور ریڈ زون جانے والے افراد فیصل ایونیو کے ذریعے اپنی منزل تک پہنچ سکتے ہیں۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ممکنہ رش اور سڑکوں کی عارضی بندش کے پیش نظر اپنی منزل کے لیے 20 سے 25 منٹ پہلے روانہ ہوں تاکہ غیر ضروری تاخیر اور مشکلات سے بچا جا سکے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کی رہنمائی کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے اہلکار مختلف اہم مقامات پر تعینات ہوں گے جو ڈرائیوروں کو متبادل راستوں سے متعلق رہنمائی فراہم کریں گے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے مزید کہا کہ شہری ٹریفک کی تازہ ترین صورتحال، شاہراہوں کی بندش اور متبادل راستوں سے متعلق معلومات کے لیے اسلام آباد پولیس کے سرکاری سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے بھی رابطے میں رہیں تاکہ بروقت معلومات حاصل کر کے اپنے سفر کی بہتر منصوبہ بندی کی جا سکے۔
مزید پڑھیں۔حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کردیا

