Search
Close this search box.
بدھ ,22 جولائی ,2026ء

اسلام آباد، راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں شدید بارش،الرٹ جاری

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)اسلام آباد، راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں شدید بارشوں، اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ، الرٹ جاری

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش کا امکان ہے، جبکہ اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور گوجرانوالہ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

ادھر لاہور، سیالکوٹ، ملتان اور فیصل آباد کے نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہونے اور زیرِ آب آنے کا خطرہ ہے، جس کے باعث شہری انتظامیہ کو نکاسی آب کے مؤثر انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ہے، جس سے شاہراہوں کی بندش اور آمدورفت میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔

مزید برآں، شمال مشرقی پنجاب، گلگت بلتستان کے پہاڑی نالوں اور شمال مشرقی بلوچستان میں شدید بارشوں کے باعث طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، نشیبی علاقوں اور برساتی نالوں کے قریب احتیاط برتیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ گلگت بلتستان ایڈووکیٹ امجد حسین نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) کا دورہ کیا، جہاں انہیں مون سون کے دوران ممکنہ خطرات، پیشگی وارننگ سسٹم اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے وزیراعلیٰ کو این ای او سی کے صلاحیتی دائرہ کار، قومی مانیٹرنگ نظام اور جدید پیشگی وارننگ سسٹم سے آگاہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ این ای او سی کے ذریعے ملک بھر میں موسم، دریاؤں، ندی نالوں اور قدرتی آفات سے متعلق خطرات کی چوبیس گھنٹے نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ بروقت فیصلے اور مؤثر ردعمل ممکن بنایا جا سکے۔

مزید پڑھیں۔معروف سابق ماڈل سحرش کی موجودہ حالت نے سب کو چونکا دیا

یہ بھی پڑھیں