Search
Close this search box.
بدھ ,24 جون ,2026ء

گھر بیٹھے گاڑی کا پسندیدہ فینسی نمبر حاصل کرنے کا طریقہ کار جانیں

لاہور (اوصاف نیوز)پنجاب میں گاڑیوں کے فینسی نمبروں کی نیلامی کے لیے رجسٹریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت شہری گھر بیٹھے آن لائن اپنے پسندیدہ نمبروں کے لیے بولی دے سکیں گے۔

پنجاب ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) کے تعاون سے ای آکشن موبائل ایپلیکیشن اور ویب پورٹل متعارف کرایا ہے۔ حکام کے مطابق رجسٹریشن کی آخری تاریخ 2 مارچ مقرر کی گئی ہے اور دلچسپی رکھنے والے شہری مقررہ تاریخ تک آن لائن اندراج کروا سکتے ہیں۔

ڈیجیٹل ای آکشن سسٹم کے ذریعے موٹر سائیکلوں، موٹر کاروں اور کمرشل گاڑیوں کے فینسی نمبروں کے لیے بولی دی جا سکے گی۔ کامیاب بولی دہندگان کی تفصیلات ای آکشن ایپ اور ویب پورٹل پر دستیاب ہوں گی۔

پی آئی ٹی بی کے چیئرمین فیصل یوسف کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل ای آکشن سسٹم کے نفاذ سے روایتی نیلامی کے طریقہ کار کو جدید ٹیکنالوجی پر مبنی شفاف اور مؤثر نظام میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق یہ اقدام شہریوں کو آسان، تیز اور شفاف آن لائن سہولت فراہم کرے گا اور ڈیجیٹل گورننس کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔

حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ سے قبل ایپ یا ویب پورٹل کے ذریعے اپنی رجسٹریشن مکمل کر لیں تاکہ نیلامی کے عمل میں حصہ لے سکیں۔
مزید پڑھیں‌:بنگلہ دیش میں عام انتخابات جمعرات کو، ملک میں 4 روزہ تعطیلات کا اعلان

یہ بھی پڑھیں