اسلام آباد (اوصاف نیوز) محکمہ موسمیات نے رمضان المبارک کا چاند 18 فروری کو نظر آنے کی پیش گوئی کی ہے، رمضان المبارک کا چاند 17 فروری کو شام 5 بجکر 15 منٹ پر طلوع ہوگا۔
پاکستان کے محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے پیش گوئی کی ہے کہ رمضان المبارک 1447 ہجری کا چاند 18 فروری 2026 بروز بدھ کی شام نظر آئے گا۔
ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم صاف یا جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے جس سے نظر آنے کے امکانات بڑھ جائیں گے۔
پی ایم ڈی کے کلائمیٹ ڈیٹا پروسیسنگ سینٹر نے کہا کہ فلکیاتی پیرامیٹرز کی بنیاد پر 29 شعبان 1447 ہجری کی شام کو نیا چاند نظر آنے کے امکانات روشن ہیں۔ رمضان المبارک کا چاند 17 فروری کو شام 5 بجکر 15 منٹ پر طلوع ہوگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مختلف علاقوں میں چاند نظر آنے کا آخری وقت آزاد جموں و کشمیر: شام 6:58، بلوچستان: 7:47 PM، سندھ: 7:24 PM، خیبرپختونخوا: 7:13 PM، پنجاب: 7:08 PM اور گلگت بلتستان میں: 6:53 PM پر نظر آئے گا۔
اس سے قبل 5 جنوری کو کی گئی پیش گوئی میں کہا گیا تھا کہ پہلا رمضان 19 فروری کو ہونے کا امکان ہے جب کہ عید الفطر 21 مارچ کو متوقع ہے۔
رویت ہلال ریسرچ کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی نے بھی کہا تھا کہ فلکیاتی حساب کے مطابق رمضان المبارک 19 فروری کو شروع ہونے کا امکان ہے تاہم انہوں نے واضح کیا کہ حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔
واضح رہے کہ رمضان المبارک مسلمانوں کے لیے انتہائی مقدس مہینہ ہے جس میں روزے، عبادت، نماز اور صدقہ کے ذریعے روحانی تربیت حاصل کی جاتی ہے جب کہ اس بابرکت مہینے کا اختتام عید الفطر کی خوشیوں کے ساتھ ہوتا ہے۔
مزید پڑھیں:باران رحمت کے لیے نماز استسقاء ادا کرنے کی ہدایات جاری


