اسلام آباد(اوصاف نیوز)ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے گروپ مرحلے میں سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک پانچ ٹیمیں سپر ایٹ مرحلے میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو چکی ہیں۔ایچ او ڈی اے بی این نیوز کے مطابق گروپ مرحلے کے 40 میں سے 30 میچز مکمل ہو چکے ہیں ۔
جبکہ آج مزید تین اہم میچز شیڈول ہیں، جن کے بعد سپر ایٹ مرحلے کے لیے مزید ٹیموں کی کوالیفکیشن کی صورتحال واضح ہو جائے گی۔اب تک گروپ اے سے بھارت، گروپ بی سے سری لنکا، گروپ سی سے ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ جبکہ گروپ ڈی سے جنوبی افریقا سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں۔ ان تمام ٹیموں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے اپنے گروپس میں 6 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن حاصل کی۔گروپ اے میں بھارت تینوں میچ جیت کر اگلے مرحلے میں پہنچ چکا ہے، تاہم دوسرے نمبر کے لیے امریکا اور پاکستان کے درمیان سخت مقابلہ جاری ہے۔
موجودہ رن ریٹ کے مطابق امریکا دوسرے جبکہ پاکستان تیسرے نمبر پر ہے۔ پاکستان کے لیے نمیبیا کے خلاف آخری میچ انتہائی اہم ہو گیا ہے۔ اگر پاکستان یہ میچ جیت لیتا ہے تو سپر ایٹ مرحلے تک رسائی کے امکانات برقرار رہیں گے، تاہم شکست کی صورت میں امریکا کی پوزیشن مضبوط ہو جائے گی۔ بارش کی صورت میں بھی پاکستان کے کوالیفائی کرنے کا امکان موجود ہے۔
گروپ بی میں سری لنکا 6 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ زمبابوے 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔ اگر زمبابوے اپنا اگلا میچ جیت جاتا ہے تو وہ بھی سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر سکتا ہے۔ اس گروپ میں آسٹریلیا اور آئرلینڈ نے دو، دو پوائنٹس حاصل کیے ہیں جبکہ عمان اب تک کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کر سکا۔گروپ سی میں ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ تین، تین فتوحات کے ساتھ سپر ایٹ مرحلے میں جگہ بنا چکے ہیں۔
اسکاٹ لینڈ اور اٹلی دو، دو پوائنٹس کے ساتھ پیچھے ہیں جبکہ نیپال ابھی تک کوئی کامیابی حاصل نہیں کر سکا۔گروپ ڈی میں جنوبی افریقا پہلے ہی سپر ایٹ مرحلے میں پہنچ چکا ہے جبکہ نیوزی لینڈ 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔ آج نیوزی لینڈ اور کینیڈا کے درمیان ہونے والا میچ اس گروپ کے لیے فیصلہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔
اگر نیوزی لینڈ کامیاب ہو جاتا ہے تو وہ بھی سپر ایٹ مرحلے میں اپنی جگہ پکی کر لے گا۔ متحدہ عرب امارات اور افغانستان دو، دو پوائنٹس کے ساتھ مقابلے میں موجود ہیں جبکہ کینیڈا اب تک کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کر سکا۔آج کے میچز سپر ایٹ مرحلے کی مزید دو ٹیموں کے فیصلے میں اہم کردار ادا کریں گے، جبکہ پاکستان اور امریکا میں سے کون اگلے مرحلے میں پہنچے گا، اس کا حتمی فیصلہ بھی جلد سامنے آ جائے گا۔ ٹورنامنٹ اپنے فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکا ہے جہاں ہر میچ ٹیموں کے مستقبل کا تعین کرے گا۔
مزید پڑھیں:باجوڑ: سیکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ، 12 خوارج ہلاک، دھماکے سے 11 اہلکار شہید



