لاہور (اوصاف نیوز) ایک اور طالبہ کیجانب سے یونیورسٹی میں مبینہ خودکشی کا واقعہ رونما ہوا ہے۔ لاہور کی ایک میڈیکل یونیورسٹی میں یہ افسوسناک واقعہ رونما ہوا ہے۔
پولیس کے مطابق فائنل ایئر کی 22 سالہ طالبہ فریحہ نے مبینہ طور پر کالج کی تیسری منزل سے چھلانگ لگا دی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئیں۔ انہیں فوری طور پر تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل کر کے علاج شروع کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں۔
ڈاکٹروں کے مطابق طالبہ کے سر پر گہری چوٹ آئی تھی جس سے دماغ بری طرح متاثر ہوا۔ طبی کوششوں کے باوجود ان کی جان نہ بچائی جا سکی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق طالبہ گزشتہ چند ماہ سے ذہنی دباؤ کا شکار تھیں۔
واقعے کے حوالے سے یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حتمی وجوہات تاحال سامنے نہیں آ سکیں، جبکہ پولیس اور متعلقہ حکام معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق طالبہ کا تعلق کشمیر سے تھا اور وہ اپنے والد کے ہمراہ لاہور میں مقیم تھیں۔ بتایا گیا ہے کہ ان کا فائنل ایئر کا ایک پرچہ ہو چکا تھا جبکہ دوسرا پرچہ جمعہ کے روز ہونا تھا اور وہ اس کی تیاری میں مصروف تھیں۔
مزیدپڑھیں:رمضان المبارک میں عدالتوں اور سرکاری دفتروں کے اوقات جاری کر دیئے گئے


