کولمبو (سپورٹس ڈیسک) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 35ویں میچ میں پاکستان نے نمیبیا کو 102 رنز سے شکست دے کر سپر ایٹ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
پاکستان سپر ایٹ میں نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور سری لنکا کے خلاف میچ کھیلے گا۔ پاکستان کا نیوزی لینڈ کے خلاف میچ 21 فروری، انگلینڈ کا 24 فروری اور سری لنکا کے خلاف 28 فروری کو ہوگا۔
آج کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں نمیبیا کی ٹیم پاکستان کی جانب سے دیے گئے 200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 87 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز کرنے والے صاحبزادہ فرحان آخری گیند تک کریز پر موجود رہے اور شاندار سنچری اسکور کی۔
کولمبو میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں بلے باز شروع میں تھوڑی مشکل میں نظر آئے۔
پاکستان کی پہلی وکٹ 5.1 اوورز میں 40 رنز پر گری جب صائم ایوب 14 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوئے۔
بعد ازاں کپتان سلمان آغا اور صاحبزادہ فرحان نے اچھی پارٹنرشپ بنائی اور ٹیم کا سکور 100 تک پہنچا دیا۔
اس کے بعد پاکستان کی دوسری وکٹ 12.1 اوورز میں 107 رنز پر گری، اس بار سلمان آغا 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد شاداب خان اور اوپنر صاحبزادہ فرحان آخر تک کریز پر موجود رہے، اس دوران صاحبزادہ فرحان نے اپنی سنچری بھی مکمل کی۔
پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔ صاحبزادہ فرحان نے 58 گیندوں پر 100 اور شاداب خان 22 گیندوں پر 36 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
قبل ازیں کولمبو میں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ ہم پر کوئی دباؤ نہیں، ہم میچ کے لیے تیار ہیں، ہم نے امریکا کے خلاف اچھا کھیلا۔
دوسری جانب آج کے میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
شاہین آفریدی اور ابرار احمد ٹیم میں شامل نہیں، ان کی جگہ سلمان مرزا اور خواجہ نفی کو شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم کو سپر ایٹ مرحلے میں پہنچنے کے لیے آج کا میچ جیتنا ہوگا اور اگر میچ بارش کی وجہ سے ضائع ہوجاتا ہے تو پھر بھی پاکستانی ٹیم اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلے گی۔ تاہم نمیبیا سے شکست کی صورت میں یو ایس اے کی ٹیم بہتر رن ریٹ پر سپر ایٹ کے لیے کوالیفائی کر لے گی۔
مزید پڑھیں:مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق کو دل کا دورہ، اسپتال منتقل



