Search
Close this search box.
هفته ,06 جون ,2026ء

مسلم لیگی رہنما انجم اقبال مغل ہسپتال میں وینٹی لیٹر نہ ملنے پر انتقال کر گئے

راولپنڈی (اوصاف نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنما اور طویل عرصے سے جماعت کے جلسے جلوس منعقد کروانے والے کارکن انجم اقبال مغل ہولی فیملی ہسپتال میں وینٹی لیٹر کی عدم دستیابی کے باعث انتقال کر گئے۔

تفصیلات کے مطابق انجم اقبال مغل کو صبح تقریباً 7 بجے طبیعت بگڑنے پر فوری طور پر ہولی فیملی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت تشویشناک تھی اور انہیں فوری وینٹی لیٹر کی ضرورت تھی۔ اہل خانہ کے مطابق وہ ہسپتال میں وینٹی لیٹر کی فراہمی کے لیے دہائیاں دیتے رہے لیکن بروقت سہولت میسر نہ آسکی۔

نجی ٹی وی چینل کے مطابق مقامی کارکنان نے راولپنڈی کی سیاسی قیادت سے متعدد بار رابطہ کرنے کی کوشش کی تاہم کسی رہنما سے رابطہ نہ ہو سکا۔ اہل خانہ اور ساتھیوں کے مطابق انجم اقبال مغل زندگی کی آخری سانس تک طبی امداد کے منتظر رہے مگر سہولت نہ ملنے پر دم توڑ گئے۔

مرحوم انجم اقبال مغل گزشتہ تقریباً 20 برس سے راولپنڈی میں مسلم لیگ (ن) کے جلسوں اور سیاسی سرگرمیوں کے انعقاد میں سرگرم کردار ادا کر رہے تھے اور پارٹی کے ایک متحرک و وفادار کارکن کے طور پر جانے جاتے تھے۔

ان کے انتقال پر مقامی کارکنان میں غم و غصہ پایا جاتا ہے جبکہ ہسپتال میں سہولیات کی کمی پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں:پیٹرول کی قیمت

یہ بھی پڑھیں