لاہور (اوصاف نیوز) لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں صدر کے عہدے سمیت 4 نشستوں پر کل 18 امیدوار مدمقابل ہیں، بائیو میٹرک سسٹم کے تحت رجسٹرڈ 32 ہزار 488 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکتے ہیں۔
الیکشن سے قبل ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، انتخابی مہم کے دوران بینرز، فلیکسز، اسٹیکرز اور دیگر پرنٹ شدہ مواد پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
امیدوار انتخابی مہم میں بغیر تصویر کے صرف وزیٹنگ کارڈ استعمال کر سکیں گے جبکہ عدالت کے احاطے اور بار روم میں کسی قسم کے اشتہاری مواد کی اجازت نہیں ہوگی۔
چیئرمین الیکشن بورڈ لہراسب گوندل کا کہنا ہے کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے اور نتائج کے بعد فائرنگ کرنے والے امیدواروں کو نااہل قرار دیا جائے گا اور مقدمہ بھی درج کیا جائے گا۔
ڈپٹی چیئرمین الیکشن بورڈ حسیب اللہ خان کا کہنا ہے کہ الیکشن کو صاف اور شفاف بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امیدواروں یا ان کے حامیوں کی جانب سے ایس ایم ایس کے ذریعے مہم چلانے پر پابندی عائد کی گئی ہے تاہم واٹس ایپ کے ذریعے انتخابی مہم چلانے کی اجازت ہوگی۔
مخالف امیدوار کے خلاف بیانات یا پریس کانفرنس کرنے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے اور انتخابی مہم کے دوران مذہبی، سیاسی یا سماجی تقریبات کے انعقاد، چکر لگانے، دعوتوں اور ضیافتوں پر مکمل پابندی عائد ہے۔
حسیب اللہ خان نے کہا کہ ہر امیدوار کو پانچ سے زائد وکلاء کے ساتھ انتخابی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 2 سے 6 لاکھ روپے جرمانہ ہو سکتا ہے جب کہ بار بار خلاف ورزی پر 15 لاکھ روپے جرمانہ یا نااہلی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ضابطہ اخلاق کے مطابق حامیوں کے اجلاس میں ایک ہی ڈش اور ایک میٹھا کھانے کی اجازت دی گئی ہے، خلاف ورزی پر نااہلی ہوسکتی ہے۔
امیدوار 25 سے 27 فروری تک علیحدہ انتخابی دفاتر قائم کر سکیں گے جہاں صرف ایک تصویر والا فلیکس یا بینر لگانے کی اجازت ہو گی۔
ہائی کورٹ کے احاطے اور شراب خانوں میں ووٹ مانگنے کے لیے جمع ہونا یا قطار میں کھڑا ہونا ممنوع ہے، جبکہ انتخابی مہم پولنگ سے 24 گھنٹے قبل ختم ہونی چاہیے۔
صدر کی نشست کے لیے احسن بھون گروپ کے راجہ عامر اور حامد خان گروپ کے بابر مرتضیٰ کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔
مزید پڑھیں:انتظار ختم، آسٹریلیا اور بنگلا دیش کی ٹیسٹ سیریز کا مکمل شیڈول جاری
