اسلام آباد(رضوان عباسی )وفاقی کابینہ کے کل ہونے والے اہم اجلاس میں نئے ڈیزائن کے کرنسی نوٹوں کے اجرا اور 10 روپے کے بینک نوٹ کے مستقبل سے متعلق بڑے فیصلوں کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق نئے کرنسی نوٹوں سے متعلق سفارشات کابینہ کے 7 نکاتی ایجنڈے میں شامل کر لی گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ پہلے ہی وزیر خزانہ کی سربراہی میں قائم کمیٹی کو نئے ڈیزائن کے نوٹوں اور کم مالیت کی کرنسی میں ممکنہ تبدیلیوں سے متعلق سفارشات تیار کرنے کا ٹاسک دے چکی ہے۔ کمیٹی نے ایک سو، پانچ سو، ایک ہزار اور پانچ ہزار روپے کے نئے ڈیزائن کے بینک نوٹ متعارف کرانے کی تجویز دی ہے، جس پر کابینہ میں غور کیا جائے گا۔اسی تناظر میں 10 روپے کے بینک نوٹ کو مرحلہ وار ختم کرنے اور اس کی جگہ 10 روپے کا سکہ متعارف کرانے سے متعلق بھی سفارشات طلب کی گئی تھیں۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی کو واضح ہدایت کی گئی تھی کہ وہ 10 روپے کے نوٹ کی جگہ سکے کے اجرا سے متعلق قابلِ عمل تجاویز پیش کرے۔ امکان ہے کہ اس حوالے سے بھی حتمی یا اصولی منظوری دی جا سکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں حج پالیسی 2027-30 سے متعلق سمری بھی پیش کی جائے گی، جبکہ مختلف کابینہ کمیٹیوں کے فیصلے توثیق کے لیے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہیں۔
حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن میں تبدیلی کا مقصد سیکیورٹی فیچرز کو بہتر بنانا اور جعلسازی کی روک تھام ہے، تاہم حتمی فیصلوں کا اعلان کابینہ اجلاس کے بعد کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:ایمی ورک کی پریشان کن صورتحال، فیملی دبئی میں پھنس گئی


