Search
Close this search box.
هفته ,06 جون ,2026ء

حکومت ہر ہفتے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا جائزہ لے رہی ہے اور عوام کو ریلیف دینے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے، حالات بہتر ہوتے ہی کمی کریں گے: وزیر پیٹرولیم

اسلام آباد (اوصاف نیوز) وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مجبوری کے تحت کیا ہے تاہم جیسے ہی حالات بہتر ہوں گے اسی تیزی کے ساتھ قیمتوں میں کمی بھی کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہر ہفتے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا جائزہ لے رہی ہے اور عوام کو ریلیف دینے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔

وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ موجودہ عالمی حالات اور خطے میں کشیدگی کے باعث تیل کی سپلائی متاثر ہوئی جس کے باعث قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑا۔ انہوں نے واضح کیا کہ جن عناصر نے پیٹرول کی فروخت روک کر ذخیرہ اندوزی یا منافع خوری کی کوشش کی، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

علی پرویز ملک نے بتایا کہ پاکستان نے ممکنہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پہلے ہی اپنے تیل کے ذخائر میں اضافہ کر لیا تھا۔ تاہم آبنائے ہُرمز کا راستہ بند ہونے کے بعد تیل کی ترسیل کے متبادل انتظامات کیے گئے ہیں اور اب سعودی عرب کی دیگر بندرگاہوں کے ذریعے پاکستان کو تیل فراہم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (PNSC) کے دو جہاز سعودی عرب کے متبادل راستوں سے تیل پاکستان لا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ سعودی کمپنی سعودی آرامکو نے بھی پاکستان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پاکستان بڑا بحری جہاز بھی بھیجے تو اس کے ذریعے بھی تیل فراہم کیا جا سکتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ملک میں تیل کی سپلائی کسی صورت متاثر نہ ہو اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔
مزید پڑھیں:حج فلائیٹ شیڈول کی تیاری عارضی طور پر روک دی گئی

یہ بھی پڑھیں