اسلام آباد (نیوز ڈیسک)اوگرانے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو مسترد کر دیا ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے کوئی نیا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔
اوگرا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ایل پی جی کی قیمتیں ہر ماہ کی پہلی تاریخ سے مقرر کی جاتی ہیں، لہٰذا قیمتوں میں حالیہ اضافے سے متعلق سوشل میڈیا اور مختلف حلقوں میں زیرِ گردش خبریں اور دعوے غلط اور بے بنیاد ہیں۔
اعلامیے میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ صرف اوگرا کی مقرر کردہ قیمتوں پر ہی ایل پی جی خریدیں۔ اگر کسی مقام پر مقررہ نرخ سے زیادہ قیمت وصول کی جا رہی ہو تو اس کی فوری اطلاع مقامی انتظامیہ کو دی جائے۔
اوگرا کا کہنا ہے کہ ادارہ ایل پی جی کی قیمتوں کے تعین اور فراہمی کے نظام میں شفافیت برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے اور صارفین کے مفادات کے تحفظ کے لیے مسلسل اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں:اسلام آباد میں ٹیکسیوں کی رجسٹریشن شروع، ایم ٹیگ سے متعلق موٹرسائیکل سواروں کے لیے خوشخبری




